سیکیورٹی کی بنیاد پر بلدیاتی الیکشن ملتوی ہونے کا کوئی امکان نہیں، الیکشن کمیشن آزاد کشمیر نے واضح کر دیا

مظفرآباد (آئی اے اعوان) آزاد جموں وکشمیر الیکشن کمیشن نے ایک بار پھر واضح کیا ہے کہ آزاد کشمیر میں بلدیاتی انتخابات 27 نومبر کو ہوں گے سیکورٹی کی بنیاد پر الیکشن ملتوی ہونے کی افواہیں اور قیاس آرائیوں میں کوئی صداقت نہیں ہے بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے الیکشن کمیشن نے اپنی آئینی و قانونی ذمہ داریاں پوری کرتے ہوئے تمام امور مکمل کر لیے ہیں۔آزاد جموں وکشمیر الیکشن کمیشن کے ترجمان کے مطابق پولنگ میٹریل ریٹرننگ آفیسران کے دفاتر تک پہنچایا جا چکا ہے اور بیلٹ پیپرز کی پرنٹنگ کا عمل بھی آئندہ چند روز میں مکمل ہو جائے گا۔

حکومت کی طرف سے امن و امان کے قیام کے لیے سیکورٹی فورسز کی فراہمی کی یقین دہانی کروا دی گئی ہے تاہم پاکستان کے حالات کی وجہ سے سیکورٹی فورسز کی فراہمی میں کچھ مشکلات ضرور پیش ہیں تمام مشکلات کو دور کرنے کے لیے حکومت اور الیکشن کمیشن کی ہر سطح پر کاوشیں جاری ہیں ترجمان نے اس امید کا اظہار کیا ہے تمام مشکلات کو دور کرتے ہوئے بلدیاتی انتخابات کا انعقاد اپنے مقررہ وقت پر ہو گا۔بعض سیاسی زعماء و قائدین اور جماعتوں کی طرف سے فوج کی نگرانی میں انتخابات کروانے کا مطالبہ کیا جا رہا ہےاس حوالے سےالیکشن کمیشن اور حکومت کی سطح پر کاوشیں جا رہی ہیں حکومت اور الیکشن کمیشن کی طرف سے حکومت پاکستان کو تحریک بھی کی گئی ہے۔آزادجموں وکشمیر کے اندر موجودہ اپوزیشن کی دونوں بڑی جماعتوں کی پارٹیز پاکستان میں برسر اقتدار ہیں فوج کی آمد وزارت داخلہ کی طرف سے ہدایات اور احکام جاری ہونے سے مشروط ہے،فوج اس وقت تک نہیں آ سکتی جب تک وزارت داخلہ فوج کو اس نسبت اجازت دیتے ہوئے احکام نہ دے جس کی نسبت بھی تحریک کی جا چکی ہے ترجمان الیکشن کمیشن نے کہا یے کہ جماعتوں کے سیاسی زعما پر بھی یہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ حکومت پاکستان سے سیکورٹی فورسز کی فراہمی کے لیے اپنا کردار ادا کرتے ہوئے بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کو یقینی بنانے میں اپنا مثبت کردار ادا کریں۔ اگر آزادکشمیر کے اندر بڑی سیاسی جماعتوں کے زعما اپنا کردار ادا کریں تو سیکورٹی فورسز کی فراہمی کے مسئلہ میں درپیش مشکلات کو دور کرنے میں آسانی ہو سکتی ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں