وزیراعظم آزاد کشمیر کی زیر صدارت محکمہ مالیات اور محکمہ لینڈ ریونیو کا اجلاس، آزاد کشمیر میں مالی صورتحال اور محکمہ ان لینڈ ریونیو پر بریفنگ دی گئی

مظفرآباد(پی آئی ڈی)وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر سردار تنویر الیاس خان کی زیر صدارت محکمہ مالیات اور محکمہ ان لینڈ ریونیو کا اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں وزیر خزانہ و ان لینڈ ریونیو عبدالماجد خان، چیف سیکرٹری محمد عثمان چاچڑ، پرنسپل سیکرٹری احسان خالد کیانی، سیکرٹری مالیات عصمت اللہ شاہ، سیکرٹری سروسزاینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن/ ان لینڈ ریونیو راجہ امجد پرویز علی خان نے شرکت کی۔

اجلاس میں وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر کو محکمہ مالیات کے اعلی حکام کی جانب سے آزاد کشمیر میں مالی صورتحال اور محکمہ ان لینڈ ریونیو پر بریفنگ دی گئی۔وزیراعظم آزادکشمیر نے ہدایت کی کہ عوام /ٹیکس دہندگان کی سہولت کیلئے محکمہ مالیات Help Deskکا قیام عمل میں لائے، ٹیکس کولیکشن کا ہدف بڑھایا جائے اور محکمہ ان لینڈ ریونیو میں اصلاحات لائی جائیں۔ وزیراعظم آزادکشمیر نے ہدایت کی کہ محکمہ ان لینڈ ریونیو میں ٹیکس کولیکشن کے نظام کو مزید موثر بنانے کیلئے self assesment systemکو متعارف کروایا جائے تاکہ ٹیکس دہندگان کے لیے آسانی ہواوراس حوالہ سے ایک جامع پالیسی تشکیل دی جائے۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم سردارتنویر الیا س خان نے کہاکہ گڈ گورننس کے قیام کے لیے مالیاتی ڈسپلن انتہائی اہمیت کا حامل ہے، محکمہ جات میں موثر مالیاتی ڈسپلن قائم کرنے کے لئے اقدامات اٹھائے جائیں،فنڈز کے اجراء اور اس کی باقاعدہ مانیٹرنگ پر خصوصی توجہ دی جائے اورتعمیر و ترقی کے منصوبوں کی معیار ی اور بروقت تکمیل کے لئے موثرمانیٹرنگ سسٹم کو رائج کیا جائے۔تحریک انصاف آزادکشمیر کی حکومت بزنس فرینڈلی حکومت ہے، آزادکشمیر میں سسٹم کو ڈیجیٹلائزڈ کرنے جارہے ہیں تاکہ لوگوں کو گھر بیٹھے تمام معلومات میسر ہوں۔آزادکشمیر کے عوام کی مشکلات سے آگاہ ہوں،عوامی مسائل کا حل کرنا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے مالی مشکلات کے باوجود عوامی ترقی و خوشحالی کیلئے بجٹ میں منصوبے رکھے تاکہ لوگوں کے زیادہ سے زیادہ سہولیات میسر آئیں۔ آزاد کشمیر میں بہت جلد حقیقی تبدیلی آئے گی اور لوگ اپنے خوابوں کو حقیقت میں بدلتے ہوئے دیکھیں گے۔وزیراعظم آزادکشمیر سردارتنویر الیاس خان نے کہا کہ آزاد خطہ میں گڈ گورننس کے قیام میں ریاستی انتظامیہ مشنری جذبے سے کام کرے۔وزیراعظم آزادکشمیر نے کہاکہ مالیاتی مانیٹرنگ اور شفافیت کو یقینی بنانے کے لئے آڈٹ کا نظام موثر بنایا جائے۔ آزاد کشمیرمیں ٹیکس کے نظام کو آسان اور بزنس دوست بنانے کے لیے اقدامات کیے جائیں اورٹیکس دہندگان کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے ٹیکس کولیکشن کے نظام کو مزید صاف و شفاف بنایا جائے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close