صدر آزاد کشمیر اور وزیراعظم آزاد کشمیر کی ایوان صدر کشمیر ہائوس میں تفصیلی ملاقات، مسئلہ کشمیر کو دنیا کے سامنے موثر طریقے سے اجاگر کرنے پر زور

مظفر آباد (آئی اے اعوان)صدرآزاد کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری اور وزیراعظم سردار تنویر الیاس نےمسئلہ کشمیر کو دنیا کے سامنے موثر طریقے سے اجاگر کرنے،آزاد کشمیر میں بلدیاتی انتخابات کے ذریعے اختیارات کی نچلی سطح پرمنقلی اور گڈگورننس کے قیام کیلئے مزید ٹھوس اقدامات اٹھانے اور رائے عامہ کو ہموار کرنے کیلئے کوششیں تیز کرنے کی ضرورت پر زور دیا ۔

صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کی بیرون ممالک کے دورے سے واپسی پر صدر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری اور وزیر اعظم آزاد جموں وکشمیر سردار تنویر الیاس خان کے درمیان ایوان صدر کشمیر ہاؤس میں تفصیلی اور اہم ملاقات ہوئی اس موقع پر صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ اوورسیز کشمیری مسئلہ کشمیر کو بین الاقوامی سطح پر جارحانہ انداز میں اٹھائے ہوئے ہیں اور ان میں پہلے سے بھی زیادہ جوش وولولہ ہے۔ بیرون ملک کشمیریوں نے میرے ساتھ مل کر 24ستمبر کواقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے بھارتی وزیر اعظم کے خطاب کے موقع پر نیو یارک میں اقوام متحدہ کے دفتر کے سامنے ایک زبردست احتجاجی مظاہرہ کیا جبکہ اسی طرح 27اکتوبر کو بھی واشنگٹن میں بھارتی سفارتخانے کے سامنے کشمیریوں نے زبردست احتجاجی مظاہرہ کیا جس میں، میں نے خود بھی شرکت کی۔ اسی طرح میں نے امریکہ کی مختلف ریاستوں کا دورہ کیا اور وہاں پرمقیم کشمیریوں پر زور دیا کہ وہ مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کے لئے کمر بستہ ہو جائیں۔ اسی طرح مسئلہ کشمیر کے اہم اور نازک موڑ پر آزادی کے بیس کیمپ سے بھی ہماری یہ اولین ذمہ داری بنتی ہے کہ ہم یہاں سے مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے اور مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالی بند کرانے کے لئے ہر فورم پر موثر انداز میں آواز اٹھائیں۔ آزادکشمیر میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد سے اقتدار نچلی سطح تک منتقل ہو گا اور اس سے عوام کے چھوٹے بڑے مسائل حل ہونے میں مدد ملے گی۔

بلدیاتی انتخابات کے لئے وفاقی حکومت سکیورٹی مہیا کرے گی۔ اس موقع پر صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری اور وزیر اعظم آزادکشمیر سردار تنویر الیاس خان کے درمیان آزادکشمیر میں گڈ گورننس کے قیام کے لئے کوششیں تیز کرنے پر بھی اتفاق رائے کیا گیا۔ اس موقع پر وزیر اعظم آزادجموں وکشمیر سردار تنویر الیاس خان نے صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کو ان کے کامیاب دورہ امریکہ کے دوران مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کی کوششوں کو سراہااور صدر ریاست کو دوسرے حکومتی امور کے بارے میں بھی اعتماد میں لیا وزیر اعظم نے صدر ریاست کوسپریم کورٹ کی ہدایات،الیکشن کمیشن سے بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے میٹنگز، لوکل باڈی انتخابات کے انعقاد، سکیورٹی کے ایشوز پر بریف کیا اور کہا کہ حکومت بلدیاتی انتخابات کرانے کیلئے تمام انتظامات مکمل کرچکی ہے۔اس موقع پر صدر ریاست نے کہا کہ وہ حکومتی امور میں حکومت کی رہنمائی کرتے رہیں گے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close