صدر آزاد کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کی وطن واپسی، جان ایف کنیڈی ائیرپورٹ پر بڑی تعداد میں کشمیریوں نے الوداع کیا

مظفرآباد(پی آئی ڈی )صدر ریاست آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری امریکہ کے دورے کے بعدوطن واپسی کے لئے جب نیویارک کے جان ایف کنیڈی ائیرپورٹ پہنچے تو امریکہ کی مختلف ریاستوں سے بڑی تعداد میں کشمیریوں نے انہیں ائیرپورٹ پر الوداع کیا۔

اس موقع پر ائیرپورٹ پر الوداعی ہجوم سے خطاب کرتے ہوئے صدر ریاست آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ میں نے اپنے دورہ امریکہ کے دوران واشنگٹن میں امریکی نائب وزیر خارجہ الزبتھ ہارسٹ(Elizabeth Horst) سے ملاقات کی جبکہ میں نے اپنے دورہ امریکہ کے دوران 24اکتوبر کو نیو یارک میں اقوام متحدہ کے دفتر کے سامنے اور امریکہ کے دارالحکومت واشنگٹن میں 27اکتوبر کو بھارتی سفارتخانے کے سامنے کشمیری کمیونٹی کے بڑے احتجاجی مظاہروں کی قیادت کی جبکہ اسی طرح میں نے اپنے دورہ امریکہ کے دوران اعلیٰ امریکی حکام سے ملاقاتوں سمیت اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتینو گتریس(António Guterres)، او آئی سی کے سیکرٹری جنرل حسین ابراہیم طحہٰ (Hissein Brahim Taha)سے ملاقاتوں کے علاوہ، اقوام متحدہ میں او آئی سی کے کشمیر کنٹیکٹ گروپ، اقوام متحدہ میں او آئی سی کے وزرائے خارجہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈیڑھ کروڑ کشمیری عوام کا موقف بھرپور انداز میں پیش کیا۔ اسی طرح میں نے امریکہ میں سیلاب زدگان کی امداد کے لئے ایک فنڈ ریزنگ کانفرنس میں بھی شرکت کی جبکہ اسی طرح مختلف امریکی کانگریس مین، سینیٹرز، میئرز سے بھی ملاقاتیں کر کے مسئلہ کشمیر پر اُن کی حمایت حاصل کی جبکہ میں نے امریکہ کی معروف تدریسی درسگاہ ہارورڈ یونیورسٹی کا بھی دورہ کیا اور اُن سے آزادکشمیر کے طلباء و طالبات کے لئے ا سکالرشپس اورآزاد کشمیر میں اعلیٰ تعلیم کے فروغ اور دیگر معاملات پر بات کی۔ جبکہ اسی طرح میں نے اپنے دورہ امریکہ کے موقع پر پاکستانی کشمیری کمیونٹی کے مختلف جلسوں اور استقبالیوں سے خطاب کر کے انہیں جہاں مسئلہ کشمیر کو جارحانہ انداز میں اُجاگر کرنے کی ضرورت پر زور دیا وہاں میں نے انہیں امریکہ میں 8نومبر کو گورنرز اور میئرز کے ہونے والے انتخابات میں ایسے امیدواروں کو ووٹ دینے کے لئے کہا جو کہ استحکام پاکستان اور مسئلہ کشمیر پر ہمارے موقف کی تائید کرتے ہوں۔ اسی طرح میں نے اپنے دورے کے دوران امریکہ میں مقیم تارکین وطن کے مختلف مکتب فکر سے تعلق رکھنے والے وفود سے بھی ملاقاتیں کیں جبکہ میں نے اپنے دورہ امریکہ کے دوران مقامی، قومی اور بین الاقوامی پرنٹ و الیکٹرانک میڈیا سے خطاب کر کے اپنے دورے کے اغراض و مقاصد، مقبوضہ کشمیر کی موجودہ صورتحال اور مسئلہ کشمیر پر بریفنگ دی۔

اس موقع پر صدر ریاست آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے مزید کہا کہ آج جب میں اپنے دورہ کے اختتام پر واپس وطن جا رہا ہوں تو مجھے بطور صدر آزادکشمیر بھی حکومتی ذمہ داریاں نبھانی ہیں تو مجھے آپ لوگوں سے یہ قوی امید ہے کہ آپ لوگ یہاں امریکہ میں مسئلہ کشمیر پر بھرپور انداز میں آواز اُٹھائیں گے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مقررین نے صدر ریاست آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کو یقین دلایا کہ ہم ہر طرح سے آپ کے ساتھ ہیں اور آپ کی ہر کال پر لبیک کہیں گے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close