45 دنوں بعد پلاسٹک شاپنگ بیگز پر مکمل پابندی لگائی جائے، وزیراعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس خان کی محکمہ ماحولیات کی جانب سے دی گئی بریفنگ سے خطاب

مظفر آباد(پی آئی ڈی )وزیراعظم آزادحکومت ریاست جموں وکشمیر سردارتنویر الیاس خان نے کہا ہے کہ محکمہ ماحولیات قدرتی ماحو ل کو متاثرکرنے والے عوامل کے خلاف فوری طور پر موثر کمپین شروع کرے، 45دنوں بعد پلاسٹک شاپنگ بیگزپر مکمل پابندی لگائی جائے، ہسپتالوں کا ویسٹ میٹریل قدرتی ماحول کو تباہ کرہا ہے جن ہسپتالوں میں انسولیٹر لگے ہوئے ہیں انہیں 1ماہ میں فنگشنل کیا جائے اور جہاں نہیں لگے ان کے بارے میں رپورٹ پیش کی جائے کہ کتنے عرصہ میں وہاں انسٹال کر کے فنگشنل کیے جائیں گے۔

محکمہ ماحولیات سہ ماہی بنیادوں پر پرویژنل انوائرمنٹل رپورٹ بنائے۔پانی کے چشموں پر کسی صورت سروس اسٹیشن بنانے کی اجازت نہیں ہونی چاہیے۔ کھلی جگہوں پر کچرا پھینکنے پر جرمانہ مختص کیا جائے اور اس حوالہ سے سے شہروں اور دیہی علاقوں میں خصوصی مہم چلائی جائے۔ماحول دوست درخت زیادہ سے زیادہ لگائے جائیں جو پرندوں کیلئے بھی موافق ہوں۔ خطہ کا بڑھتا ہوا ٹمپریچر کیسے کنٹرول کیا جا سکتا ہے اس پر سٹڈی کروائی جائے۔ ہم نے آنے والی نسلوں کی حفاظت کرنی ہے۔ماضی میں قدرتی ماحول کی حفاظت پر توجہ نہیں دی گئی جنگلات کم ہوگئے‘آلودگی بڑھ گئی، ہمیں سوچنا ہوگا کہ ہم آنے والی نسلوں کو کیا مستقبل دیکر جارہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے محکمہ ماحولیات کی جانب سے دی گئی بریفنگ سے خطاب کرتے ہوئے۔ سینئر موسٹ وزیر خواجہ فاروق احمد، وزیر خزانہ عبدالماجد خان، پرنسپل سیکرٹری احسان خالد کیانی، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو چوہدری لیاقت حسین اور ڈائریکٹرجنرل ماحولیات سردارعدنان خورشید بریفنگ بھی موجودتھے۔ وزیراعظم آزادکشمیر نے کہاکہ تعمیرات کے حوالہ سے ڈیزائن ویٹنگ کمیٹی بنائی جائے جس میں محکمہ ماحولیات کانمائندہ اور ٹاؤن پلانر شامل ہو۔ محکمہ ماحولیات تمام ضلعوں کی انتظامیہ کو لیٹر جاری کرے کہ پلازوں اور دیگر عمارتوں میں rainہاروسٹنگ کا جائزہ لیا جائے۔ محکمہ ماحولیات کے نمائندے اپنی گاڑیوں پر خصوصی سائن مارک لگائیں، محکمہ ماحولیات کے آفیشلز کی کوالیفیکشن پر کسی صورت کمپرومائز نہیں ہونا چاہیے۔

نالوں کی بندش کی وجہ سے آلودگی میں اضافہ ہورہا ہے، اس حوالہ سے تمام متعلقہ حکام سمیت ایس ڈی ایم اے کو بھی آن بورڈ لیا جائے۔ وزیراعظم آزادکشمیر نے کہاکہ کارپوریشنز اور اتھارٹی کے اختیارات کا تعین کیا جائے۔ پونچھ نیشنل پارک اور پیر لسوڈا پارک کوٹلی کی ڈیمارکیشن کروائی جائے۔ درختوں کی نکاسی کے وقت محکمہ ماحولیات کا بھی کردار ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہاکہ قدرتی ماحول کی ہر صورت حفاظت یقینی بنائی جائے، لوگوں میں شعور اجاگر کیا جائے کہ قدرتی ماحول کی حفاظت یقینی بنانی ہے، سکولوں کالجوں میں خصوصی مہم چلائی جائے۔ کچن گارڈننگ پر توجہ دی جائے۔انہوں نے کہاکہ دنیا میں شعور کو سراہا جاتا ہے، محکمہ ماحولیات ٹارگٹ سیٹ کر کے انکے پورا کرے،محکمہ ماحولیات کی استعدا د کار بھی بڑھائیں گے اور وسائل بھی فراہم کرینگے۔ آئندہ آنے والی نسلیں بھی یاد رکھیں کہ ہم نے کسی نے اچھا کام کیا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں