امریکہ مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے اپنا اثرورسوخ استعمال کرے، صدر آزاد کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کا امریکی کانگریس مین تھامس سوازی سے ملاقات میں مطالبہ

مظفر آباد(پی آئی ڈی )صدر ریاست آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ ہم کشمیریوں کی امریکہ سے بڑی توقعات وابستہ ہیں لہذا امریکہ مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے اپنا اثرورسوخ استعمال کرے اور امریکہ کشمیر پر اپنا خصوصی نمائندہ مقرر کرے جبکہ کشمیری عوام کو اُن کا حق خودارادیت دلوانے کے لئے بھی امریکہ اپنا رول ادا کرے کیونکہ جنوبی ایشیاء میں امن کی کنجی مسئلہ کشمیر میں مضمر ہے لہذا انٹرنیشنل کمیونٹی بالخصوص امریکہ مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے اور مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی پامالی بند کرانے کے لئے اپنا کردار ادا کرے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج یہاں نیویارک میں امریکی کانگریس مین تھامس سوازی(Thomas Suozzi) سے ایک تفصیلی ملاقات میں کیا۔ اس موقع پر صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے امریکی کانگریس مین تھامس سوازی کا سیلاب زدگان کی سب سے پہلے مدد کے لئے پہنچنے پر خصوصی طور پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ آپ سب سے پہلے پاکستان میں سیلاب زدگان سے جا کر ملے اور اسی طرح سیلاب زدہ علاقوں کا دورہ کیا جبکہ امریکہ نے سیلاب زدگان کے لئے امداد میں بھی اضافہ کیا۔ صدر ریاست آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے مزید کہا کہ میں نے امریکہ میں مقیم کشمیریوں سے کہا ہے کہ وہ 8نومبر کو گورنرز اور میئرز کے انتخابات میں بھرپور انداز میں حصہ لیں اور ایسے امیدواروں کو ووٹ دیں کہ جو مسئلہ کشمیر اور استحکام پاکستان پر ہمارے موقف کی حمایت کرتے ہوں۔ اس موقع پر صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے امریکی کانگریس مین تھامس سوازی سے کہا کہ وہ کشمیری عوام کی آواز امریکی کانگریس میں بھی اُٹھائیں اسی طرح دیگر فورمز پر بھی مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے اپنا کردار ادا کریں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں