مظفرآباد(پی آئی ڈی)وزیر اعظم آزادحکومت ریاست جموں وکشمیر سردار تنویر الیاس خان نے کہا ہے کہ 27 اکتوبر1947 کو بھارت نے اخلاقی اور بین الاقوامی اصولوں کو پاؤں تلے روندتے ہوئے کشمیر کی دھرتی پر اپنی فوجیں اتاری اور ظلم و جبر کا وہ سلسلہ شروع کیا جس میں ہر گزرتے دن کے ساتھ اضافہ ہو ر ہاہے۔بھارت کشمیریوں کو اپنے ساتھ ملانے کے لئے ظلم و بربریت کے مختلف حربے استعمال کر رہا ہے۔
بھارت کی افواج کاکشمیر میں داخل ہونا اس کے توسیع پسند عزائم کا عکاس ہے۔ہندوستان نے ہمیشہ پڑوسیوں کے معاملات میں مداخلت کرتے ہوئے انہیں اپنا دست نگر بنانے کی کوشش کی ہے جو اس کی ہندوتوا پالیسیوں کا عکاس ہے۔وزیراعظم آزادجموں و کشمیرسردارتنویر الیاس نے یوم سیاہ کے موقع پر خصوصی پیغام میں کہا کہ تقسیم ہند سے قبل ہی بھارتی رہنماؤں کی نظریں وسائل سے مالا مال ریاست جموں وکشمیر پرمرکوزتھیں اور انہوں نے ہندو اقلیت والی ریاست کو مہاراجہ کے ذریعے جبراًبھارت کے ساتھ ملانے کی کوشش کی۔جس کو کشمیری عوام نے کبھی تسلیم نہیں کیا۔انہوں نے کہا کہ بھارت جب بندوق کی نوک پر کشمیریوں کو اپنے ساتھ رہنے پر راضی نہ کرسکا تو اس نے جموں وکشمیرمیں کالے قوانین متعارف کرائے اور دہشت گردی کے نام پر کشمیر ی عوام کو نشانہ بنایالیکن بھارت اپنے مکروہ عزائم میں ہمیشہ ناکام ہوا ہے کیونکہ کشمیری عوام کا عزم و حوصلہ ایک سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی مانند ہے۔آج یوم سیاہ کے دن میں کشمیری بہن بھائیوں کو یقین دلاتا ہوں کہ آپ کی اس جدوجہد میں آزادکشمیر اور پاکستان کی حکومتیں اور عوام اپنی غیر متزلزل اخلاقی وسیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھیں گے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں