مظفرآباد(پی آئی ڈی)آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر کا ڈائمنڈ جوبلی 75واں یوم تاسیس ریاست بھر میں ملی جوش و جذبہ اور اس عزم کی تجدید کے ساتھ منایا گیا کہ تحریک آزادی کشمیر کے بیس کیمپ کی یہ حکومت اپنی تمام تر توانائیاں تحریک آزادی کشمیر کی کامیابی،آزادخطہ میں قانون کی عملداری اور گڈ گورننس کے قیام پر صرف کرے گی۔
75ویں یوم تاسیس پرتاریخ میں پہلی بار دن کا آغاز21توپوں کی سلامی سے ہوا جس کے بعدریاست بھرکی مساجد میں خصوصی تقاریب منعقد ہوئیں جن میں پاکستان کی سلامتی و استحکام اور مقبوضہ کشمیر کی آزادی کیلئے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔ 75ویں یوم تاسیس کی مرکزی تقریب دارالحکومت مظفرآباد پریڈ گراونڈ میں منعقد ہوئی جس کے مہمان خصوصی قائم مقام صدرآزاد جموں وکشمیرچوہدری انوار الحق تھے۔ اس موقع پر قائمقام صدر آزادجموں وکشمیر نے پرچم کشائی بھی کی۔ مرکزی تقریب میں وزیر اعظم آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر سردار تنویر الیاس خان، سینئر موسٹ وزیر خواجہ فاروق احمد، وزراحکومت،ممبران اسمبلی، چیف سیکرٹری، انسپکٹر جنرل پولیس،سٹیشن کمانڈر، سیکرٹریز صاحبان،سول و عسکری حکام کے علاوہ شہریوں کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔ تقریب میں آزادکشمیر پولیس،ریسکیو 1122، کمانڈوز،گرلزگائیڈ، بوائز سکاوٹس،ٹورسٹ پولیس کے چاک و چوبند دستوں نے سلامی دی اورمارچ پاسٹ کیا۔قائمقام صدر چوہدری انوار الحق نے اس موقع پر پریڈ کامعائنہ بھی کیا۔ تقریب میں پاکستان اور آزادکشمیر کے قومی ترانے بھی پیش کئے گئے۔تقریب میں یوم تاسیس کی مناسبت سے خصوصی ملی نغمے پیش کی گئے۔ قائمقام صدرریاست چوہدری انوار الحق نے آزادحکومت کے 75ویں یوم تاسیس پر مختلف شعبہ ہائے زندگی میں کارہائے نمایاں سرانجام دینے والوں کو صدارتی میڈلز بھی دیے۔مرکزی تقریب میں نظامت کے فرائض ڈائریکٹر جموں وکشمیر لبریشن کمیشن راجہ محمد سجاد خان نے سرانجام دیے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں