وقت آ گیا ہے کہ مسئلہ کشمیر کو کشمیری عوام کی خواہشات اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کیا جائے، معاون خصوصی برائے اطلاعات، سمال انڈسٹریزو ماحولیات محمد رفیق نیئر

مظفر آباد (پی آئی ڈی )معاون خصوصی برائے اطلاعات، سمال انڈسٹریزو ماحولیات محمد رفیق نیئر نے کہا کہ24 اکتوبر 1947 صدیوں کی قربانی کے روشن سویرے کا نام ہے جسے لاکھوں کشمیریوں نے اپنے لہو سے منور کیا ہے۔آج بھی کشمیریوں کی جدوجہد جاری ہے،لاکھوں کشمیر ی تحریک آزادی کو اپنے لہو سے سیراب کر چکے،بھارت نے تمام تر مظالم آزما لیے مگر وہ کشمیری عوام کے جذبہ حریت میں کمی نہ لا سکا ہے اور نہ آئندہ لاسکے گا۔

حکومت آزاد کشمیرکے یوم تاسیس کے موقع پر انہوں نے اپنے پیغام میں کہا کہ بھارت کشمیری عوام کے جذبہ حریت کو نہ تو دباسکتا ہے اور نہ اس میں کمی لاسکتا ہے۔ہم بھارت سے ہر صورت آزادی لے کر رہیں گے اور الحاق پاکستان کی منزل حاصل کر کے اپنے شہداء کے مشن کو پائیہ تکمیل تک پہنچائیں گے۔ انہوں نے کہاکہ وقت آگیا ہے کہ مسئلہ کشمیر کو کشمیری عوام کی خواہشات اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کیا جائے۔ یوم تاسیس کے موقع پر ہم آزادی کی راہ میں اپنے خون کا نذرانہ پیش کرنیوالوں کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ بھارت طاقت کے زور پر کشمیریوں کو دبانا چاہتا ہے لیکن وہ کبھی اپنے مذموم مقاصد میں کامیاب نہیں ہو سکتا۔ کشمیریوں نے اس تحریک کیلئے اپنا تن، من، دھن اور سب کچھ قربان کر دیا ہے۔پاکستان کی حکومت اور عوام کشمیریوں کے لئے جو سیاسی،اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھے ہوئے ہیں اس سے تحریک آزادی کو تقویت ملی ہے۔بھارت نے مقبوضہ کشمیر کو عملی طورپر فوجی کالونی بنا رکھا ہے جہاں ظلم و بربریت کی نئی داستان مرتب کی جار ہی ہے۔ انسانی حقوق کی بدترین خلاف ورزیوں،کشمیریوں کو گاجر مولی کی طرح کاٹنے کے عمل کو تیز کرنے نے کشمیر ی عوام کو اس بات پر مجبور کیا کہ وہ میدان عمل میں کود پڑیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close