نیویارک (پی این آئی)صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ امریکہ میں مقیم کشمیری و پاکستانی 8نومبر کو امریکہ میں ہونے والے گورنرز اور میئرز کے انتخابات میں بھرپور حصہ لیں تاکہ جہاں وہ اپنے اور یہاں پر مقیم تارکین وطن کے کام کر سکیں وہاں پرایسے امیدواروں کو ووٹ دیں جو کہ مسئلہ کشمیر اور استحکام پاکستان پر ہمارے موقف کی تائید کریں۔
میں نے یہ تجربہ اپنے طالب علمی کے زمانے میں جب میں برطانیہ میں زیر تعلیم تھا کیا تھااور میں نے برطانیہ میں مقیم تارکین وطن سے کہا تھا کہ وہ برطانیہ کی سیاست میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں اوروہاں کی ٹریڈ یونینز، لوکل کونسلز اور پارلیمانی سیاست میں حصہ لے کر وہاں کی سیاست میں براہ راست شامل ہوں اور ہمارا یہ تجربہ بڑی حد تک کامیاب رہا اورہماری کوششوں کا یہ نتیجہ نکلا کہ آج وہاں پر کشمیری وپاکستانی نژاد 13ممبران برطانوی پارلیمنٹ ہیں اور70سے زیادہ پارلیمنٹ کی کشمیر کمیٹی کے ممبران ہیں اور اسی طرح بڑی تعداد میں میئرز، کونسلرز بھی منتخب ہوئے ہیں۔ لہذا میں یہاں امریکہ میں مقیم تارکین وطن سے بھی کہوں گا کہ وہ امریکہ کی انتخابی سیاست میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں اگرچہ برطانوی اور امریکی انتخابی سیاست مختلف ہے کیونکہ برطانیہ میں براہ راست الیکشن سے انتخاب لڑا جاتا ہے جبکہ یہاں امریکہ میں لابنگ اور فنڈنگ کی سیاست ہے۔ لیکن یہاں پر مقیم کشمیری اور پاکستانی 8نومبر کو ہونے والے انتخابات میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج یہاں نیو یارک میں ہیمسٹرڈ (نیو یارک) کی میئر جینیفر ڈسینا (Jennifer Desena)سے ایک تفصیلی ملاقات میں کیا۔ اس موقع پر صدر ریاست آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے مزید کہا کہ امریکہ میں مقیم کشمیری و پاکستانی تارکین وطن لابنگ کر کے مسئلہ کشمیر اور استحکام پاکستان کے لئے ہمارے موقف کی حمایت کرنے والے امیدواروں کو ووٹ دے کر کامیاب بنائیں تاکہ جب وہ منتخب ہوں تو پارلیمنٹ اور دیگر فورمز پر کشمیری عوام کے حق خودارادیت اور استحکام پاکستان پر ہمارے موقف کی تائید کریں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں