اسلام آباد (پی آئی ڈی آزاد کشمیر)وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر و صدر تحریک انصاف آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس خان کی چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کے ساتھ بنی گالہ میں اہم ملاقات، چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کو حالیہ ضمنی انتخابات میں شاندار کامیابی پر مبارکباد پیش کی،وزیراعظم آزادکشمیر نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کو بتایا کہ آزادکشمیر میں 31 سال کے طویل عرصے کے بعد 27 نومبر2022 کو بلدیاتی انتخابات منعقد کیے جا رہے ہیں جس کا سہراا تحریک انصاف کو جاتاہے جس نے آزاد کشمیر میں اقتدار میں آکر سب سے پہلے پارٹی کے منشور کو عملی جامہ پہنانے کیلئے جدوجہد کا آغاز کیا۔
31 سال کے بعد بلدیاتی انتخابات کے انعقاد پر آزادکشمیر بھر کے عوام کا جوش و خروش دیدنی ہے اور عوام میں انتخابات کے اعلان کے ساتھ خوشی کی لہر دوڑ گئی۔گزشتہ 3 دہائیوں میں کئی حکومتیں آئیں لیکن بلدیاتی انتخابات کروانے میں ناکام رہیں، انہوں نے بتایا کہ اختیارات کا اقتدار کے ایوانوں سے نکل کر نچلی سطح پر بلدیاتی نمائندوں کو منتقلی کے فیصلے کو عوام نے بھرپور سراہا ہے ۔ وزیراعظم آزادکشمیر نے عمران خان کو بتایا کہ تحریک انصاف آزادکشمیر آپ کے منشور کے عین مطابق بلدیاتی انتخابات کے زریعے اختیارات نچلی سطح تک منتقل کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے تحریک انصاف پوری طرح تیار ہے اور کارکن اس سلسلے میں کاغذات نامزدگی جمع کرا رہے ہیں،مشاورت کے بعد نظریاتی کارکنوں کو پی ٹی آئی کے ٹکٹ جاری کئے جائیں گے تاکہ وہ منتخب ہو کر عوام کی خدمت کو یقینی بنا سکیں۔بلدیاتی انتخابات کے زریعے عام آدمی کو ترقیاتی فنڈز اور دیگر سہولیات اس کی دہلیز پر میسر آئیں گی۔انہوں نے چیئرمین تحریک انصاف کو آزادجموں و کشمیر کے شہریوں کے بنیادی مسائل سے بھی آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ اس حوالے سے شہریوں کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی کیلئے محکمہ فزیکل پلاننگ کے ذریعے گھر گھر پائپ کے ذریعے پانی پہنچانے کے اقدامات کر رہے ہیں کیونکہ آزاد کشمیر میں قدرتی چشمے موجود ہیں اورسمال ڈیمز بنانے کے منصوبہ جات پر عملدرآمد کیا جائے گا،سیاحت کے شعبے میں سرمایہ کاری کا وسیع پوٹینشل موجود ہے جس کیلئے بیرون ملک مقیم کشمیریوں کو بھی راغب کیا جا رہا ہے اور حکومت اس سلسلے میں ان کو بھرپور سہولتیں فراہم کرے گی۔ اس موقع پر چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے وزیراعظم آزادکشمیر سردار تنویر الیاس کے بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے حوالے سے اٹھائے گئے اقدامات کو سراہا اور عوام کو ہر ممکن سہولیات فراہم کرنے کے مشن کو جاری رکھنے کی تلقین کی اور کہا بھرپور تیار ی کریں پارٹی پیغام گھر گھر پہنچایا جائے بلدیاتی الیکشن میں کلین سویپ کیا جائے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں