وزیراعظم آزاد کشمیر سے کشمیر کونسل کے ممبران کی ملاقات، کشمیر کونسل کے ممبران کو اراکین اسمبلی کے برابر ترقیاتی فنڈز اور مراعات دینے کا فیصلہ

مظفرآباد ( پی آئی ڈی) وزیراعظم آزادحکومت ریاست جموں وکشمیر سردارتنویر الیاس خان سے آزادجموں و کشمیر کونسل کے ممبران کی ملاقات ۔ کشمیر کونسل کے ممبران کو اراکین اسمبلی کے برابرترقیاتی فنڈزاور مراعات دینے کا فیصلہ ۔ وزیراعظم آزادکشمیر سے ممبران کشمیر کونسل محمد یونس میر، سردار عبدالرزاق خان ، شجاع خورشید راٹھو ر نے ملاقات کی ۔پرنسپل سیکرٹری ہمراہ وزیراعظم احسان خالد کیانی بھی اس موقع پر موجود تھے ۔

اس موقع پر فیصلہ کیاگیا کہ آزادجموں وکشمیر کونسل کے ممبران کو قانون ساز اسمبلی آزادجموں وکشمیر کے ممبران کے برابر ترقیاتی فنڈز، وزرا کے مختص فنڈکے مساوی جہیز فنڈ اور زکوٰۃ فنڈ دیے جائیں گے ۔ممبران کشمیر کونسل کی مراعات وزرا کرام کے مساوی کرنے کیلئے قانون میں ترمیم کی جائیگی اورانہیں سرکاری محکمہ جات میں اراکین اسمبلی کے مساوی پروٹوکول دیا جائے گا۔ فنڈز دستیاب ہونے پر کشمیر کونسل کو محکمہ لوکل گورنمنٹ ودیہی ترقی سے پچا س لاکھ کی ترقیاتی سکیمیں فوری طور پر دی جائیں گی جبکہ ممبران کشمیر کونسل کو لوکل گورنمنٹ و دیہی ترقی کے ترقیاتی فنڈز میں اراکین اسمبلی کے مساوی ترقیاتی فنڈز مختص کرنے کیلئے کارروائی عمل میں لائی جائیگی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم سردار تنویر الیاس خان نے کہاکہ آزادخطہ کی فاسٹ ٹریک بنیاد و ں پرترقی اور لوگوں کے مسائل انکی دہلیز پر حل کرنے کیلئے تحریک انصاف کی حکومت عمران خان کے ویژن کے مطابق سرگرم عمل ہے ۔

آزادجموں وکشمیر کونسل کے اراکین کو ممبران اسمبلی کے برابر فنڈز دیے جائیں گے تاکہ خطہ میں جاری ترقیاتی عمل تیز ہو،اس حوالہ سے قانونی لوازمات پورے کریں گے ۔ انہوں نے کہاکہ آزادکشمیر کی ترقی کے لیے سب کو ساتھ لیکر چلیں گے۔ آزادکشمیر کے لوگوں نے ہم پر اعتماد کر کے ہمیں ایوان اقتدار تک پہنچایا، تحریک انصاف کی حکومت عوام کے اعتماد پر پورا اترے گی۔ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے ویژن کے مطابق آزادکشمیر میں نچلے طبقے کو اوپر لانے اور لوگوں کے مسائل حل کرنے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائیں گے۔ وزیراعظم آزادکشمیر نے کہاکہ بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے تمام انتخابی حلقوں میں فنڈز کی مساویانہ تقسیم یقینی بنائی جائیگی، ممبران اسمبلی کے ساتھ ساتھ کشمیر کونسل کے ممبران بھی آزادخطہ کی تعمیر وترقی کیلئے بڑھ چڑھ کر اپنا کردار ادا کریں گے ۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں