اسلام آباد (پی آئی ڈی) وزیراعظم کے معاون خصوصی اطلاعات،ماحولیات و سمال انڈسٹریز چوہدری محمد رفیق نیر نے کہا ہے کہ بلدیاتی انتخابات کا انعقاد ہماری حکومت کا ایسا کارنامہ ہے جس کی کوئی نظیر نہیں ملتی،وزیراعظم سردار تنویر الیاس خان کو یہ کریڈٹ جاتا ہے کہ انہوں نے عوام سے کیا گیا وعدہ ایفا کر دیا ہے۔آزاد صحافت،خوشحال صحافی ہمارا عزم ہے جسے پورا کرنے کیلیے تمام وسائل بروئے کار لائیں گے۔اخبارات کسی بھی معاشرے کی آنکھ کا کردار ادا کرتے ہیں۔سیاست اور صحافت کا ساتھ دائمی ہے۔معاون خصوصی اطلاعات نے ان خیالات کا اظہارایک ریاستی اخبار کی سالگرہ کی تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوے کیا۔اس سے پہلے انہوں نے مہمانان گرامی کے ہمراہ سالگرہ کا کیک کاٹا۔اس موقع پر مسلم لیگ ن کے صدر شاہ غلام قادر،جنرل سیکرٹری مسلم لیگ ن چوہدری طارق فاروق،صدر کیمشیر سردار امتیاز خان،پارلیمانی سیکرٹری ٹرانسپورٹ جاوید بٹ،مسلم لیگ ن کے سینئر رہنماء نجیب نقی،صدر اے کے این ایس سردار زاہد تبسم،پریس سیکرٹری صدر کمال حیدر،میڈیا کوآرڈینیشن آفیسر وزیراعظم راجہ عثمان طاہر،معاون ناظم اطلاعات خواجہ عمران الحق،چیف ایڈیٹر جموں و کشمیر عامر محبوب،ایگزیگٹو ایڈیٹر جموں و کشمیر راجہ کفیل خان،ایڈیٹر کشمیر لنک خواجہ متین،چیف ایڈیٹر فریڈم پوسٹ شہزاد راٹھور،چیف ایڈیٹر جنت نظیر اعجاز خان،چیف ایڈیٹر صدائے وقت نقاش عباسی،صدر کشمیر جرنلسٹس فورم خاور نواز راجہ،جنرل سیکرٹری کے جے ایف سردار عقیل انجم،چیف ایڈیٹر سٹیٹ ویوز شہزاد خان چیف ایگزیگٹو ماں جی ایسوسی ایٹس ندیم قاسمی،کے علاؤہ صحافیوں اور زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔انہوں نے کہا کہ چھوٹی سی خبر لگوانے کیلیے بڑی تک ودو کرنا پڑتی تھی اب زمانہ تبدیل ہو گیا ہے پرنٹ،الیکٹرانک اور ڈیجیٹل میڈیا نے بڑی ترقی کی ہے،انسانی جانوں کو بچانے سے لیکر معاشرے میں بہتری تک میڈیا کا بڑا رول ہے،صیحیح رپورٹنگ کے ذریعے معاشرے میں مثبت تبدیلی لائی جا سکتی ہے، اکیسویں صدی میں جہاں میڈیا انتہائی اہمیت اختیار کر چکا ہے اور الیکٹرانک اور ڈیجیٹل میڈیا ترقی کی دوڑ میں سرپٹ دوڑ رہا ہے اخبارات کی طاقت اپنی جگہ برقرار ہے۔انہوں نے کہا کہ پریس فاؤنڈیشن کو صحافیوں کی فلاح و بہبود کیلیے تمام تر وسائل بروئے کار لائیں گے،میری کوشش ہے پریس کلبز کو یکجا کیا جائے اس سلسلے میں کوششیں جاری ہیں۔انہوں نے کہا کہ صدائے چنار نے ایک روزنامے کے طور پر ریاستی میڈیا میں خود کو اپنے منفرد انداز اور جازب نظر لے آوٹ کی بدولت خود کو منوا رکھا ہے۔یہ اخبار اس لحاظ سے بھی میرے لئے خاص اہمیت کا حامل ہے کہ اسنے مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے کیلیے خاص کردار ادا کیا ہے جو ریاست کی صحافت کیلیے ایک قابل قدر مثال ہے۔مجھے پوری امید ہے کہ روزنامہ اپنی ٹیم کے فعال کارکنوں کی حوصلہ افزائی جاری رکھے گا۔مجھے امید ہے کہ روزنامہ تحریک آزادی کشمیر کو فوقیت دیتے ہوے مثبت صحافت کو فروغ دینے کا سلسلہ جاری رکھے گا۔انہوں نے کہا کہ آزادکشمیر میں آزادی صحافت کا مثالی ماحول موجود ہے جہاں اخبارات کو مکمل آزادی حاصل ہے۔حکومت نے اخباری صنعت کو ترقی دینے اور ریاستی اخبارات کیلیے کئی ٹھوس اقدامات کئے ہیں جن سے نہ صرف اس صنعت کو تحفظ حاصل ہو گا بلکہ اس شعبے میں مزید سرمایہ کاری کی راہ بھی ہموار ہو گی۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں