مظفرآباد (پی آئی ڈی) ترجمان وزیر اعظم آزاد کشمیر و فوکل پرسن کوہالہ پاور پراجیکٹ، چیئرپرسن ٹاسک فورس ویمن ڈویلپمنٹ،سوشل ویلفیئر،انرجی اینڈ واٹر ریسورسز پروفیسر تقدیس گیلانی نے کہا ہے کہ آ زاد کشمیر میں وویمن چیمبر آف کامرس بنانے جارہے ہیں۔ پورے پاکستان کے چیمبر کی خواتین وزیر اعظم آزادکشمیر کی دعوت پر نومبر کے پہلے ہفتے مظفرآباد آرہی ہیں۔ جس سے یہاں کے آرٹ اینڈ کرافٹ کو بین الاقوامی سطح پر متعارف کروانے میں مدد ملے گی۔
تحریک انصاف کی حکومت خواتین کو انکی دہلیز پر کاروبار کے مواقع فراہم کرنے کے لیے کوشاں ہے۔ تاریخ میں پہلی مرتبہ خواتین کو کاروبار کے لیے 30کروڑ کے قرضہ جات فراہم کررہے ہیں۔کامیاب خواتین پروگرام کے تحت 6ہزار خواتین کوہنر مند بنانے کا پروگرام شروع کیا جارہا ہے۔ وزیراعظم سردار تنویر الیاس چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے ویژن کے مطابق خواتین کو بااختیار بنانے میں خصوصی دلچسپی رکھتے ہیں۔انہوں نے کہا ہے کہ وزیر اعظم آزاد کشمیر کی خصوصی ہدایت پر آزادکشمیر کی خواتین کو بااختیار اور خوشحال بنانے کے لیے 6ہزار خواتین کو ٹریننگ دینے جارہے ہیں۔ تاکہ وہ ہنر مند بن کر اپنی معاشی حالت بھی بہتر کرسکیں اور ریاستی آمدن میں بھی اپنا حصہ ڈالیں۔ آزادکشمیر میں انٹرنیشنل نمائش کرائیں گے تاکہ یہاں کے فن کوعالمی سطح پر متعارف کروایا جا سکے۔ وزیر اعظم سردار تنویر الیاس خواتین کو اپنے پاؤں پر کھڑا دیکھنا چاہتے ہیں۔ حکومت آزادکشمیر اور لاہور ویمن چیمبر آف کامرس کے اشتراک سے نومبر کے دوسرے ہفتے میں مظفرآباد میں تریننگ کرانے جارہے ہیں جبکہ دسمبر میں 15روز نمائش کا انعقاد کیا جائے گا۔ وزیر اعظم سردار تنویر الیاس کی ہدایت پر آزادکشمیر میں ویمن بزنس چیمبر بنانے جارہے ہیں۔ آزادکشمیر کا سب سے بڑا مسئلہ بیروزگاری کا ہے جس کو حل کرنے کے لیے خواتین کو ہنر مند بنایا جارہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کے روز پی آئی ڈی کمپلیکس میں میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کیا۔ ڈائریکٹر جنرل اطلاعات راجہ اظہر اقبال، ڈائریکٹر جنرل سیاحت محترمہ تہذیب النساء، صدر سنٹرل پریس کلب سید آفاق شاہ، نائب صدر تحریک انصاف خواتین ونگ آسیہ رفیق ایڈووکیٹ و دیگر بھی اس موقع پر موجود تھیں۔ پروفیسر تقدیس گیلانی نے کہا کہ وزیر اعظم سردار تنویر الیاس خان نے پاکستان کی مختلف وویمن چیمبر آف کامرس کو آزادکشمیر کے دورہے کی دعوت دی ہے۔ آزادکشمیر میں وویمن چیمبر آف کامرس بنانے کا مقصدخواتین کو بین الاقوامی سطح پر مواقعوں کی فراہمی ہے۔ آزادکشمیر کی اشیاء کی بین الاقوامی سطح پر مارکیٹنگ ہو گی تو ریاستی آمدن میں بھی بڑھے گی اور ہماری خواتین بھی خوشحال ہونگی۔ کامیاب خواتین پروگرام کے تحت خواتین کو روایتی گبہ سازی، پیپر ماشی، ہوٹل مینجمنٹ اور سیاحت کے حوالہ سے ٹریننگ دی جائیگی۔ اس پروگرام کو یونین کونسل کی سطح تک لیکر جائیں گے تاکہ لیپہ، نیلم حویلی سمیت کسی علاقے کی خواتین پیچھے نہ رہیں۔ دوران تربیت خواتین کو معقول وظیفہ بھی دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں بھی خواتین کو ہنر مند بنانے اور آزادکشمیر کی اشیاء کی بین الاقوامی سطح تک مارکیٹنگ کی جانب توجہ نہیں دی گئی، وزیر اعظم سردار تنویر الیاس خان نے عمران خان کے ویژن کے مطابق آزادکشمیر کی خواتین کو مرکزی دھارے پر لانے کے لیے پروگرام شروع کیا ہے۔ یہ پروگرام کشمیر کی پہچان بنے گا۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں