اقوام متحدہ، امریکہ اور یورپی یونین الطاف شاہ کے بھارتی حراست میں قتل کا نوٹس لیں، وزیراعظم آزاد کشمیر کی اپیل

مظفرآباد (آئی اے اعوان) آزاد کشمیر کے وزیراعظم سردار تنویر الیاس خان نے اقوام متحدہ، امریکہ، روس، برطانیہ، فرانس اور جرمنی سمیت یورپی ممالک سے اپیل کی ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں الطاف شاہ کے حراستی قتل کا فوری نوٹس لے۔

وزیراعظم سردار تنویر الیاس نے اپنے ایک بیان میں عالمی برادری پر واضح کیا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج ایک قاتل فوج بن چکی ہے،مودی ازم کشمیریوں کا قتل کرو پر مبنی ہے جس کی شدید ترین الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔سید الطاف شاہ کا زیر حراست قتل عالمی اداروں سے یہ سوال پوچھ رہا ہے کہ انہیں کس جرم میں موت کی نیند سلا دیا گیا،ان کا جرم یہ تھا کہ وہ حق خودارادیت جس کا وعدہ اقوام متحدہ نے کر رکھا ہے کا مطالبہ کر رہے تھے،مودی کے اس بیان کہ اس نے مسئلہ کشمیر حل کر دیا کی شدید مذمت کرتے ہیں ڈیڑھ کروڑ کشمیری بھارت سے آزادی چاہتے ہیں۔الطاف احمد شاہ کے اس بیان کہ مجھے قلم کاغذ دیا جائے تاکہ میں اپنی وصیت لکھ سکوں نے میرا دل چیر کر رکھ دیا ہے،مگر بھارتی درندوں نے انہیں وہ سہولت بھی فراہم نہیں کی۔انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں اور اداروں سے کہتا ہوں کہ وہ کشمیریوں کے خلاف بھارت کی فوج کی انسانیت سوز کارروائیوں کا نوٹس لیں۔امریکہ،روس،فرانس،برطانیہ،جرمنی سمیت یورپی ممالک سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ کشمیریوں کی آواز کو سنیں بھارتی فوج ایک جارح فوج ہے جو کشمیریوں کی مسلسل نسل کشی کر رہی ہے۔

بھارت کشمیر کی شناخت ختم کرنے اور مسلمانوں کی اکثریت کو اقلیت میں تبدیل کرنے کے لیے ایک کے بعد دوسرا قدم اُٹھا رہا ہے۔مودی جو گجرات کے قصاب کے نام سے مشہور تھا اب کشمیر کا قصاب بن چکا ہے۔انہوں نے کہا کہ سید علی گیلانی رحمتہ اللہ کے خاندان نے ہم پاکستانی ہیں پاکستان ہمارا ہے کا فلک شگاف نعرہ بلند کر کے بھارتی ایوانوں کو ہلا کر رکھ دیا تھا،ان کے خاندان نے اس نعرہ کی پاداش میں زندان جھیلے،صعوبتیں اٹھائیں،مظالم سہے،حراستوں کا مرکز بنے مگر ان کے قدم ڈگمگا نہ سکے پاکستان سے گیلانی خاندان اور کشمیریوں کی انمٹ محبت کو سلام عقیدت پیش کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کشمیری عالمی اداروں سے پوچھنے کا حق رکھتے ہیں کہ تہاڑ جیل میں قید کشمیری کا سے انصاف مانگیں انہیں کس جرم کی سزا دی جا رہی ہے حق خودارادیت مانگنے کو کیوں جرم بنا دیا گیا ہے اقوام متحدہ سمیت عالمی اداروں کو بھارت کی اس ریاستی دہشت گردی کا نوٹس لینا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں نہتے شہریوں کو گولی مار کر شہید کر دیا جاتا ہے،اس سے زیادہ انسانیت کی تذلیل کیا ہو گی کہ بھارتی فوج اپنی بہیمانہ کارروائیوں کے دوران بچوں کے سامنے انکے پیاروں کو گولیوں سے بھون دیتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ نہتے کشمیریوں کے خلاف بھارت کے بڑھتے ہوے مظالم جنوبی ایشیاء کے امن کو نقصان پہنچائیں گے۔انہوں نے کہا ایک طرف بھارتی فوج کے مظالم جاری ہیں جبکہ دوسری جانب بھارتی حکومت ہزاروں کی تعداد میں غیر کشمیریوں کو ڈومیسائل جاری کر کے اقوام متحدہ کی قرادادوں کی مسلسل اور کھلم کھلا خلاف ورزی کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارتی فوج کی انسانیت سوز کارروائیوں سے کچھ بھی محفوظ نہیں ہے۔انہوں نے کہا تلاشی کی کارروائیوں،نام نہاد آپریشنز کی آڑ میں کشمیریوں کی املاک کو تباہ کرنے سمیت ان کے خاندانوں کو تہہ تیغ کیا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا مقبوضہ کشمیر ایک ایسی جیل بن چکا ہے جہاں کچھ بھی محفوظ نہیں ہے۔وزیراعظم نے انسانی حقوق کے عالمی اداروں سے اپیل کی کہ وہ کشمیریوں پر ہونے والے مظالم پر آنکھیں بند نہ کریں بلکہ اسکا نوٹس لیں اور بھارت کو ان مظالم سے روکنے کیلیے اپنا اثر ورسوخ استعمال کریں۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں