8 اکتوبر زلزلے کی یاد، ہمیں ایک نئی امید کے ساتھ آگے بڑھنا ہو گا، قدرتی آفات سے نمٹنے اور نقصان کو کم سے کم کرنے کیلئے آگاہی فراہم کرنا ہو گی، وزیر اعظم سردار تنویر الیاس

مظفرآباد(پی آئی ڈی) وزیر اعظم آزادحکومت ریاست جموں وکشمیر سردار تنویر الیا س خان نے کہا ہے کہ 8اکتوبر2005کے سانحہ میں عالمی برادری نے زلزلہ میں انسانی ہمدردی کے تحت ایک ایسا مثالی کردار ادا کیاجس نے پاکستانی قوم اور کشمیری عوام کے دل جیت لیئے۔ ہمیں ایک نئی امید کے ساتھ آگے بڑھنا ہوگا اور قدرتی آفات سے نمٹنے اور نقصان کو کم سے کم کرنے کیلئے آگاہی فراہم کرنا ہو گی۔ جن ممالک نے اس سانحہ میں ہماری مدد کی ان کی خدمات کو یاد رکھا جائیگا۔

انہوں نے کہا کہ 8 اکتوبر کو آنے والے زلزلے کے بعد حکومت پاکستان اورپاکستانی قوم اس سانحہ کی تباہ کاریوں سے پیدا ہونے والے حالات سے مقابلہ کرنے کیلئے ایک ایسی زنجیر بن گئی جس کی وجہ سے ہمارے حوصلے بڑھے اور ناممکن کام ممکن ہوا۔حکومت اسوقت تک چین سے نہیں بیٹھے گی جب تک متاثرہ علاقو ں کی بحالی کو سو فیصد یقینی نہیں بنایا جاتا۔شہدائے زلزلہ کی برسی کے موقع پر اپنے پیغا م میں انہوں نے کہا کہ 2005میں ہونے والے زلزلہ کے بعدآزاد خطہ میں تعمیر و ترقی اور متاثرین کی بحالی کا کام تیزی سے جاری ہے۔ اجڑی بستیاں آبادیوں میں تبدیل ہو چکی ہیں۔ کھنڈرات کا منظر پیش کرنے والی سڑکوں کی جگہ شاہرات نے لے لی ہے۔ تعلیمی اداروں کی عالیشان عمارتیں تیار ہو چکی ہیں۔ صحت کے شعبہ میں بیرونی ممالک کے تعاون سے ہسپتالوں اور کئی دوسرے مراکز کی تعمیر مکمل جب کہ ایسے کئی پراجیکٹ کی تعمیر عالمی معیا ر کے مطابق ہو رہی ہے۔ اور جدید طبی سہولتیں فراہم کی جا رہی ہیں۔ رسل و رسائل کیلئے بین الاقوامی معیارکی شاہرات تعمیر کی جارہی ہیں۔ عوام کو زندگی کی تمام بنیادی سہولتیں پہنچانے کیلئے اقدامات جاری ہیں۔ ان سب تعمیراتی سرگرمیوں میں تعمیر نو پر مامور قومی اداروں نے ایک مثالی کردار ادا کیا ہے اور کیا جا رہا ہے۔وزیر اعظم نے کہاکہ حکومت میں آنے کے بعد تمام بین الاضلاعی شاہرات پر کام شروع کیا اور اب تمام ضلعوں میں اعلیٰ معیار کی سڑکیں بن چکی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ آزاد کشمیر کے ہر شہر اور گاؤں میں جدید سہولیات فراہم کرینگے۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close