مظفر آباد (آئی اے اعوان) وزیراعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس سابق وزیراعظم سردار عبد القیوم نیازی اور اسپیکر اسمبلی چوہدری انوار الحق سے بھی الجھ پڑے۔ اسیپکر چیمبر میں وزیراعظم سردار تنویر الیاس کی جانب سے سردار عبدالقیوم نیازی اور چوہدری انوار الحق سے کی گئی مبینہ تلخ کلامی کی اندرونی کہانی منظر عام پر آ گئی۔
انتہائی معتبر ذرائع کے مطابق سابق وزیراعظم سردار عبدالقیوم نیازی اور سپیکر اسمبلی چوہدری انوار الحق نے خواتین اراکین اسمبلی اور وزراء حکومت کی موجودگی میں اپوزیشن لیڈر چوہدری لطیف اکبر اور سابق وزیر اعظم راجہ فاروق حیدر کے خلاف نازیبا الفاظ کے استعمال سے منع کیا اور تمیز کے دائرے میں رہتے ہوئے گفتگو کرنے کا کہا جس پر وزیراعظم سردار تنویر الیاس غصے میں آ گئے اور سردار عبدالقیوم نیازی سے کہا کہ آپ کون ہوتے ہیں جو مجھے ہدایت دیں کہ میں اپوزیشن لیڈر سے معافی مانگوں۔ میں انہیں بھی دیکھ لوں گا۔ جس پر سردار عبدالقیوم نیازی اور وزیر اعظم سردار تنویر الیاس کے درمیان تلخ جملوں کا تبادلہ ہوا اور سردار عبدالقیوم نیازی چیمبر سے باہر نکل آئے۔ ذرائع کے مطابق چیمبر میں موجود وزراء نے سردار عبدالقیوم نیازی کو روکنے کی کوشش کی لیکن وہ اسپیکر چیمبر سے باہر نکل گئے اور جاتے جاتے سخت الفاظ استعمال کیے۔ سابق وزیر اعظم سردار عبدالقیوم نیازی اور چوہدری انوار الحق سپیکر ہاؤس چلے گئے۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں