آزاد کشمیر، 496 معلمین قرآن کو ا پ گریڈ کر کے 7واں اسکیل دینے کا فیصلہ

اسلام آباد (پی آئی ڈی) وزیر اعظم آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر سردار تنویر الیاس خان کی زیر قیادت قائم پی ٹی آئی آزاد کشمیر کی حکومت کا ایک اور عظیم کارنامہ، معلمین القرآن کے سکیلز کی اپ گریڈیشن کے حوالے سے تاریخ ساز قدم، 496 معلمین قرآن جنہیں حال ہی میں گریڈ 1 میں کنفرم کیا گیا تھا اب انہیں اپ گریڈ کر کے ساتواں سکیل دیا جائے گا۔ اس حوالے سے پہلے سے منظور شدہ قانون موجود ہے۔

وزارت تعلیم کے تحت معلمین القرآن اور قراء حضرات کا الگ سے ڈائریکٹوریٹ جنرل قائم کیا جائے گا۔پرائمری سکولوں میں گریڈ 7 کے معلمین قرآن ناظرہ کی تعلیم دیں گے۔ چھٹی جماعت سے دسویں تک ناظرہ اور ترجمہ کی تعلیم دی جائے گی۔ ان معلمین کا گریڈ 9 ہو گا۔ گیارہویں اور بارہویں جماعت میں تجوید،ترجمہ اور تفسیر پڑھائی جائے گی ان معلمین کا گریڈ 16 ہو گا۔معلمین قرآن اور قراء کی سکیل اپ گریڈیشن اور وزارت تعلیم کے تحت ڈائریکٹوریٹ جنرل کا نوٹیفکیشن آج جاری کیا جائے گا۔ وزیراعظم نے معلمین قرآن، قراء حضرات کی مذکورہ سکیلز کے تحت بھرتیوں کا طریقہ کار طے کرنے اور سکروٹنی کا عمل مکمل کرنے کے احکامات جاری کر دیئے ہیں۔ناظرہ قرآن کی قرات باعث ثواب ہے جبکہ ترجمہ اور تفسیر اس مقدس کتاب کے مفہوم کو سمجھنے کا باعث ہے،تعلیمی ادروں میں اس عمل کے آغاز سے طلبہ و طالبات فہم قرآن سے آشنا ہوں گے جودنیا و آخرت کو سنوارنے کا ذریعہ بھی ہے۔ قبل ازیں وزیراعظم سردار تنویر الیاس خان مساجد کے بجلی بلات کی معافی کا بھی اعلان کیا تھا جس پر عملدرآمد بھی ہو چکاہے۔ رحمت اللعالمین اتھارٹی قائم کرنے کا بھی فیصلہ ہو چکا ہے۔ تقاریب میں درود شریف پڑھنا بھی لازمی قرار دیا جا چکا ہے۔وزیر اعظم کی ہدایت پر بہت جلد اجماع و قیاس بورڈ کا قیام بھی عمل میں لایا جائے گا۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close