نیویارک ( پی این آئی) صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے اپنے دورہ نیو یارک کے دوران اقوام متحدہ میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے نو منتخب صدر کسابہ کروسی(CSABA KOROSI) کو جنرل اسمبلی کا صدر منتخب ہونے پر مبارکباد دیتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا ہے کہ وہ مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے کوششیں کریں گے کیونکہ مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کے پہلے آنے والے مسائل میں سے ہے جو آج تک حل طلب ہے اور یہ تقسیم ہند کا نامکمل ایجنڈا ہے۔
لہذا ہمیں امید ہے کہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے نو منتخب صدر کسابہ کروسی(CSABA KOROSI) اپنی صدارت کے دور میں مسئلہ کشمیر کے حل اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیری عوام کو اُن کا حق خودارادیت دلوانے کے لئے اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔ صدر ریاست آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے اس توقع کا بھی اظہار کیا کہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے نو منتخب صدر کسابہ کروسی(CSABA KOROSI) مسئلہ کشمیرپر اقوام متحدہ کی جو قراردادیں پاس کی گئی ہیں اُن کے مطابق مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے اپنا رول ادا کریں اور کشمیری عوام جو ایک طویل عرصے سے بھارتی ظلم و استبداد کا سامنا کر رہے ہیں انہیں اقوام متحدہ کے چارٹر کے مطابق اُن کا حق خودارادیت دلوانے میں اپنا کردار ادا کریں گے۔ صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے مزید کہا کہ بھارت نے 5اگست2019کے بعد سے مقبوضہ کشمیر میں بے پناہ تبدیلیاں کرنا شروع کر دی ہیں اور اس کے ساتھ ساتھ کشمیری عوام پر ظلم و بربریت میں بھی اضافہ کر دیا ہے۔ لہذا اقوام متحدہ اس کا فوری نوٹس لے اور مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالی بند کرانے کے لئے اپنا کردار ادا کرے۔ ۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں