مظفرآباد (آئی اے اعوان) وزیر اعظم آزادکشمیر اور صدر تحریک انصاف آزاد کشمیر سردارتنویر الیاس خان نے کہا ہے کہ کشمیر کے سفیر عمران خان کے دورہ مظفرآباد اور29 ستمبر کے تاریخ ساز جلسہ عام سے خطاب سے کنٹرول لائن کے آر پار بسنے والے کشمیریوں کے حوصلے بلند ہوئے ہیں ۔اپنے ایک بیان وزیراعظم سردار تنویر الیاس نے 29 ستمبر کو مظفرآباد میں چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا پرتپاک استقبال کرنے پر کشمیری عوام کا شکریہ ادا کیا
انکا کہنا تھا کہ موسم کی شدت اور اسوج کے باوجود انسانوں کے ٹھاٹھیں مارتے ہوئے سمندر کا یونیورسٹی گراؤنڈ مظفرآباد امنڈ آنا کشمیریوں کی اپنے وکیل کے ساتھ والہانہ عقیدت کا بین ثبوت ہے۔ چیئرمین عمران خان کی مظفرآباد آمد سے آر پار کے کشمیریوں کے حوصلے بلند ہوئے۔ سفیر کشمیر عمران خان کی کشمیری عوام سے والہانہ محبت پوری دنیا پر عیاں ہے جس پر کشمیری عوام نے کھلے دل کے ساتھ اپنے محسن کا پر جوش استقبال کیا۔ عمران خان نے اپنے خطاب میں ریاستی عوام کو اس بات کا یقین دلایا کہ وہ ان کا مقدمہ دنیا کے ہر فورم پر اٹھاتے رہیں گے۔ وزریر اعظم نے کامیاب جلسہ عام کے انعقاد پر ممبران اسمبلی،قائدین و کارکنان تحریک انصاف،یوتھ،آئی ایس ایف اور آزادکشمیر کے چپے چپے سے آئے ہوئے پی ٹی آئی کے کارکنان کا شکریہ ادا کیا اور مبارکباد پیش کی۔ وزیر اعظم نے پی ٹی آئی خواتین ونگ کی ممبران اور دیگر عام خواتین کی جلسہ عام میں بھرپور شرکت کو بھی سراہا اور اس امر کا اظہار کیا کہ تحریک انصاف کی آزاد کشمیر میں قائم حکومت عوامی توقعات پر پوری اترے گی۔آزادکشمیر میں فلاحی معاشرے کے قیام سمیت تعمیر و ترقی کے میدان میں آگے بڑھنے کے لئے پالیسی ترتیب دی جا چکی ہے۔جس طرح آزاد کشمیر کے عوام عمران خان اور پی ٹی آئی کی یہاں قائم حکومت سے توقعات رکھتے ہیں اور محبت کرتے ہیں ان توقعات اور محبت کے جواب میں موجودہ حکومت بیروزگاری میں کمی اور معاشی طور پر خود کفالت جیسے موضوعات پر تیزی سے آگے بڑھ رہی ہے۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں