مظفر آباد (آئی اے اعوان) سابق وزیراعظم پاکستان چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان فیصلہ کن موڑر پر کھڑا ہے، شہباز شریف نے پاکستان کا دیوالیہ نکال دیا ہے۔ دنیا میں جہاں جاتا ہوں مجھے کشمیری ملتے ہیں اور پوچھتے ہیں کہ کیا پاکستان ہماری قربانیاں ضائع کر دے گا، میں کہتا ہوں کہ جب تک عمران خان زندہ ہے آپ کی قربانیاں ضائع نہیں ہونے دے گا۔
جب نریندر مودی نے کشمیر کا اسٹیٹس تبدیل کیا تو میں وزیر اعظم تھا اور ہم نے ہندوستان سے تعلقات ختم کر لیے اور فیصلہ کیا ہم کبھی کشمیریوں کی قربانیوں پر سمجھوتہ نہیں کریں گے جب سے یہ امپورٹڈ حکومت مسلط ہوئی یہ ایجنڈے پر چل رہی ہے۔ اللہ نے فرمایا تم اچھائی کے ساتھ کھڑے ہو، نیوٹرل نہیں رہ سکتے۔ کشمیر کی اسمبلیوں میں بھی لوٹے آتے جاتے رہتے ہیں لیکن مجھ سے وعدہ کرنا جو اپنے ضمیر کا سودا کرتا ہے ان کو آگے آنے نہیں دینا کیونکہ یہ آپ کی ووٹ کی توہین ہے۔ ہم نے ہندوستان سے تجارت بند کی ہوئی ہے لیکن پتا چلا مریم نے داماد کے لیے ہندوستان سے مشینری امپورٹ کی۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے مظفرآباد میں عظیم الشان جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ جلسہ عام سے وزیراعظم آزادکشمیر و صدر پی ٹی آئی سردار تنویر الیاس خان، سابق وفاقی وزیر شیخ رشید احمد،وزیر تعلیم آزادکشمیر دیوان علی خان چغتائی، سیکرٹری جنرل پی ٹی آئی آزادکشمیر راجہ منصورخان ودیگر نے بھی خطاب کیا۔رہنماء پی ٹی آئی میجر(ر)خرم روکھڑی ودیگر بھی موجود تھے۔چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہاکہ سندھ کے لوگوں کے سیلاب کے عذاب سے گھر تباہ ہوگئے، کپاس، چاول اناج چلا گیا، وہ سڑکوں پر پڑے ہیں اور بلاول بھٹو امریکا میں جاکر پتا نہیں کون سی کہانی سنا رہے ہیں۔
عمران خان نے کہا کہ یہ اربوں روپیہ چوری کرکے باہر لے جاتے ہیں، ڈالر بڑھتا ہے اور روپیہ نیچے گرتا ہے، لیکن چوروں کے ڈالر میں اضافہ ہوجاتا ہے، ان چوروں کو ڈیل کرکے ملک میں واپس لانا بڑا جرم نہیں ہوسکتا، اگر ملک کو تباہ کرنا ہے تو ان چوروں کو مسلط کردو، کسی دشمن کی ضرورت نہیں ہوگی۔انہوں نے کہاکہ ایک آدمی پرسوں واپس آیا اس پر کرپشن کیس ہیں، اس نے لکھ کر دیا کہ کیسے شریف خاندان پیسہ باہر لے کر گیا، جب نیب نے ان سے پوچھا تو یہ پرائم منسٹر کے جہاز میں بیٹھ کر بھاگ گیا اور پھر ڈیل کر کے واپس آگیا۔انہوں نے کہاکہ اللہ نے مسلمانون کو حکم دیا کہ برائی کی خلاف جہاد کرو اچھائی کے ساتھ کھڑے ہو کبھی بھی اللہ نے نہیں کہا کہ تم نیوٹرل رہو لیکن اسحاق ڈار جب بھی منسٹر بنا ملک کا دیوالیہ نکل گیا۔عمران خان نے خطاب میں کہا کہ آزاد کشمیر اسمبلی میں بھی سنا ہے لوٹے آتے جاتے ہیں، اگر کوئی لوٹا بنا تو یاد رکھو آزادکشمیر والو انہیں بھی ووٹ نہیں دینا۔۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں