نیویارک (پی این آئی) صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ پاکستان میں سیلاب سے ایک بہت بڑی تباہ کاری ہوئی ہے جس سے پاکستان میں ملک کا تیسرا حصہ پانی میں ڈوب چکا ہے خود امریکی سینٹ کے مطابق کم از کم 3 بلین ڈالر کا نقصان ہوا ہے۔میں چاہوں گا کہ امریکی سینٹ سیلاب کی تباہ کاریوں سے نمٹنے کے لئے ایک بڑا پیکج دے جس سے متاثرین کی آبادکاری کے کام کا آغاز کیا جا سکے۔
اس کے لئے بیرونی امداد کی زیادہ سے زیادہ ضرورت ہے جبکہ سیلاب زدہ علاقوں میں بے شمار بیماریاں اور وبائیں پھوٹ رہی ہیں جس سے بالخصوص بچے اور خواتین بڑی تعداد میں متاثر ہو رہے ہیں اور ہم توقع کرتے ہیں کہ امریکہ فراخدلی سے متاثرین سیلاب کے لئے امداد فراہم کرے گا۔ اگرچہ یہ ابھی پہلا مرحلہ ہے جس میں ریلیف کا کام شروع ہو گا جبکہ درمیانے درجے میں لوگوں کو صحت، خوراک،شیلٹر، تعلیم اور دیگر بنیادی سہولیات کی ضرورت پڑے گی جبکہ سب سے اہم اور آخری مرحلہ سیلاب متاثرین کی آبادکاری کا ہو گا جس کے لئے وافر مقدار میں فنڈز درکار ہوں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج یہاں نیو یارک میں روٹری کلب اور دیگر غیر سرکاری تنظیموں (NGOs)کے زیر اہتمام پاکستان میں سیلاب متاثرین کے لئے منعقد کی گئی ایک فنڈ ریزنگ کانفرنس سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر نیو یارک میں پاکستانی قونصلیٹ مس عائشہ اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔
اس موقع پر اپنے خطاب میں صدر ریاست آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے مزید کہا کہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں سہولیات کی عدم دستیابی کی وجہ سے پیدا شدہ صورتحال کے نتیجے میں بچے انتہائی خوف و ہراس کا شکار ہیں اور اسی طرح جہاں ان علاقوں میں خوراک اور رہائشی سہولیات کی کمی ہے وہاں پر صحت سمیت دیگر بنیادی سہولیات بھی ناپید ہیں۔ لہذا اب جب کہ دنیا ایک گلوبل ویلج ہے تو عالمی برادری کو اس سلسلے میں کھل کر سیلاب متاثرین کی امداد کے لئے آگے بڑھنا چاہیے اور اس آفت پر قابو پانے کے لئے اور اس کے اثرات ختم کرنے لئے آگے بڑھ کر سیلاب متاثرین کی فوری طور پر امداد کرنی چاہیے۔ ۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں