نیلم، ان پھٹا دھماکہ خیز مواد کے حوالہ سے پاک فوج کے زیر اہتمام آگاہی سیشن کا انعقاد

نیلم (پی آئی ڈی) پاک فوج کے زیراہتمام ان پھٹا دھماکہ خیز مواد کے حوالہ سے آگاہی سیشن کا انعقاد کیا گیا جس میں کلسٹربموں، بارودی سرنگوں، دیسی ساختہ بم، کھلونا بموں کے خطرات کے حوالے سے معلوماتی دستاویزی فلم کے ذریعے شہریوں اور طلباء کوآگاہی دی گئی۔ وادی نیلم میں اینٹی ٹینک مائنز، آر پی جی۔7 کے علاوہ81 ایم ایم ماٹر، اینٹی پرسنل مائنز، گرینڈ کے نمونہ جات اور کلسٹر/ کھلونا بموں کے حوالہ سے آگاہی مہم جاری ہے۔

ہلال احمر برانچ نیلم نے پمفلٹ، بینرز، بروشر، پوسٹرکے ذریعے شہریوں کو ان پھٹا دھماکہ خیز مواد کے حوالے سے خصوصی طور پر بتایا۔ تقریب میں طلباء و طالبات سمیت والدین، اساتذہ اور شہریوں کی کثیرتعداد نے شرکت کی۔ مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کو لینڈ مائن، کھلونا بم، گھریلو ساختہ بموں کے خطرات سے متعلق آگاہی دی گئی۔ پاک فوج کے زیراہتمام آٹھ مقام کے مختلف سرکاری و پرائیویٹ تعلیمی اداروں، مدرسوں کے طلباء اور سول سوسائٹی کی آگاہی برائے ان پھٹا دھماکہ خیز مواد کے خطرات سے آگاہی اور محفوظ رویوں کے فروغ کے لئے بوائز ڈگری کالج آٹھ مقام میں ایک سیشن کا انعقاد کیا۔ پاک فوج کے کمانڈنگ آفیسر نے آگاہی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ دشمن لائن آف کنٹرول پہ بسنے والی عوام کو نقصان پہنچانے کا کوئی بھی موقع ہاتھ سے جانے نہیں دیتا۔ ماضی میں دشمن کی جانب سے پھینکے گئے دھماکہ خیز گولے، لینڈ مائنز اور آئی ای ڈی یا گھریلو ساختہ بموں کی تباہ کاریوں کے واقعات پیش آتے رہتے ہیں۔ جن میں کئی قیمتی جانوں کا ضیاع اور مستقل جسمانی معذوری جیسے انسانیت سوز واقعات دیکھنے میں آئے۔ جنگلات، پہاڑوں پر مال مویشیوں کو چرانے کیلئے جانے والے مقامی افراد ہوں یا گھاس کٹائی کی غرض سے جانے والے، ان سب کو ان پھٹا دھماکہ خیز مواد کے خطرات اور محفوظ رویوں کے فروغ سے متعلق معلومات بہم پہنچانا ہم سب کا فرض ہے۔ ہلال احمر برانچ نیلم کے کمیونٹی لیزان آفیسر ناصر بخاری نے شرکائے سیشن کو ان پھٹا دھماکہ خیز مواد، لینڈ مائنز، گھریلو ساختہ بموں اور کھلونا بموں سے متعلق آگاہی اور محفوظ رویوں کے فروغ بارے مفید معلومات دیں۔ شہریوں نے افواج پاکستان، ریڈ کریسنٹ پاکستان، حکومت آزادکشمیر سے مطالبہ کیا ہے کہ لائن آف کنٹرول کے مکینوں کی حفاظت کیلئے پاک آرمی، ریڈکریسنٹ، شہری دفاع کلسٹربموں اور فرسٹ ایڈ کے حوالے سے تربیتی سیشن سکولوں، کالجوں، یونیورسٹی اور دینی مدارس کے علاوہ کمیونٹی سطح پر آگاہی سیشن کا انعقاد کروائیں تاکہ آنیوالی نسل کو دشمن کی طرف سے پھینکے جانے والے کلسٹر بموں کے بارے آگاہی ہو۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close