شیخ رشید کی وزیر اعظم سردار تنویر الیاس سے ملاقات، پی ڈی ایم کو ضد اور انا چھوڑ کر انتخابات کا فوری فیصلہ کرنا چاہیے، شیخ رشید

مظفرآباد (پی آئی ڈی) وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر اور صدرتحریک انصاف آزادکشمیر سردار تنویر الیاس خان سے سابق وفاقی وزیر داخلہ و عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد کی ملاقات ہوئی ہے۔ وزیراعظم سردار تنویر الیاس خان اور شیخ رشید احمد کے درمیان ہونے والی ملاقات میں چیئرمین پاکستان تحریک انصاف و سابق وزیراعظم پاکستان عمران خان کے کل 29 ستمبر کو مظفرآباد دورے کے دوران جلسہ عام سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر وزیر حکومت چوہدری مقبول گجر،ممبر اسمبلی و پارلیمانی سیکرٹری جاوید بٹ،ممبر اسمبلی و پارلیمانی سیکرٹری محترمہ پروفیسر تقدیس گیلانی بھی موجود تھے۔ وزیراعظم آزادجموں کشمیر سردار تنویر الیاس خان نے کہا کہ چئیرمین عمران خان نے عالم اسلام اور مملکت پاکستان کے وقار کو بلند کرنے لیے طویل مدت سے سیاسی تحریک جاری رکھی ہوئی ہے۔ چئیرمین عمران خان نے اقوام متحدہ سمیت ہر اہم پلیٹ فارم پر مقبوضہ جموں کشمیر کی آزادی کیلیے آواز بلند کی جبکہ بھارت کے غیر فانونی اقدامات اور مقبوضہ وادی میں انسانی حقوق کی پامالیوں کو بہترین انداز میں اجاگر کیا۔ کشمیریوں کے محسن لیڈر کو مظفرآباد آمد پر اہلیان کشمیر والہانہ استقبال کریں گے۔ پی ڈی ایم قیادت 29 ستمبر کو دیکھے گی کہ کشمیری اپنے محسن کا کس بہترین انداز میں استقبال کرتے ہیں۔ سابق وزیر داخلہ اور عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ پاکستان میں پی ڈی ایم کو ضد اور انا چھوڑ کر انتخابات کا فوری فیصلہ کرنا چاہیئے۔ ملک کے معاشی حالات اتنے گھمبیر ہیں کہ اگر کسی نے کال نہ دی تو بھی لوگ سڑکوں پر ہوں گے اور وقت کا تقاضا ہے کہ انا اور ضد چھوڑ کر صاف، شفاف الیکشن کا فوری فیصلہ کیا جائے۔ شیخ رشید احمد نے آزادکشمیر حکومت اور پی ٹی آئی کی مقامی قیادت کی طرف سے سابق وزیراعظم عمران خان کے جلسے کا مظفرآباد میں اہتمام کرنے کو خوش آیندقرار دیتے ہوئے کہا کہ ایک دن آئے گا کہ پاکستان میں چوروں سے چھٹکارہ حاصل ہو گا۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close