وزیراعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس خان کا تاریخی دورہ پونچھ، راولاکوٹ کو ہل اسٹیشن کا درجہ دینے 40 ایام میں کروٹ جھیل میں واٹر سپورٹس شروع کرنے سمیت متعدد ترقیاتی منصوبوں کا اعلان

بلوچ (پی آئی ڈی) وزیراعظم آزادحکومت ریاست جموں وکشمیر اور صدر پاکستان تحریک انصاف آزادکشمیر سردارتنویر الیاس خان کا تاریخی دورہ پونچھ۔ بلوچ،پلندری،تراڑکھل،ہجیرہ اور راولاکوٹ کے عوام کے لئے امنگوں سے بھر پور انقلابی پیکج کا اعلان۔ وزیراعظم نے راولاکوٹ کو ہل اسٹیشن کا درجہ دینے سمیت40 ایام میں کروٹ جھیل میں واٹر سپورٹس شروع کرنے،

یادگار شہدا و غازی بلوچ چوک کی تکمیل، رورل ہیلتھ سینٹر بلوچ کی اپ گریڈیشن، گلہ کنٹ نیابت کے قیام، تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال تراڑکھل کی تعمیر، بلوچ تراڑ کھل میں ایڈیشنل سیشن جج کی عدالت کے قیام، بلوچ سپورٹس کمپلیکس، ٹیکنیکل کالج بلوچ، سب ڈویژن بلوچ تراڑکھل اورٹاو ن کمیٹی بلوچ کیلئے آسامیوں کی تخلیق، منجاڑی چمبہ گلی تتہ پانی اور گن ٹھنڈی کسی12کلو میٹر سڑک کی ری کنڈیشننگ، گوہڑ گلی منوٹہ نالیاں 7 کلو میٹر سڑک کی ری کنڈیشننگ، گرڈ سٹیشن بلوچ، بلوچ سٹیڈیم کے لیے 10 کروڑ،کھیلوں کی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے سپورٹس چئیر مین اور یوتھ چیئرمین تعینات کر نے اور بلوچ میں شہداء کی فیملیز کے لیے اپارٹمنٹس اور شہداء کے نام پر لائبریری بنانے اور سمال انڈسٹری کے قیام کیلئے 150 کنال سرکاری اراضی مختص کرنے کااعلان کیا۔ وزیراعظم نے تراڑکھل شہر کے گرد 5کلو میٹر رنگ روڈ اور گوئی نالہ روڈ 5کلومیٹر روڈ تعمیر، تراڑکھل میں گرلز ڈگری کالج کو پوسٹ گریجویٹ کالج اپ گریڈ کرنے اور بوائز ڈگری کالج میں پوسٹ گریجویٹ کے 4 اہم مضامین کی کلاسیں شروع کرنے،تراڑ کھل میں لائیو سٹاک سیکٹر کے فروغ کے لئے بڑے منصوبے شروع کرنے، خواتین کو ہنر مند بنانے کے لیے ٹیکینکل ٹریننگ سینٹر کے قیام اور 200 خواتین کو ایڈجسٹ کرنے،تراڑکھل میں ہسپتال میں سٹاف کی کمی کوپورا کرنے، نوجوانوں کے لئے آسان شرائط پر قرضوں کے اجرا ء سمیت سیاحت کے فروغ کے لیے منصوبے شروع کرنے کا اعلان کیا۔ بلوچ میں ورکرزکنونشن سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم سردار تنویر الیاس خان نے کہا کہ میں نے ادھر ہی ڈائس پر آپکے مطالبات کی منظوری دیدی ہے۔ میرے الفاظ ہی کافی ہوتے ہیں میں سادہ بات کرتا ہوں۔

جب میں پیور بزنس مین تھا تو لوگ میرے ساتھ اربوں روپے اس لئے لگاتے تھے کہ میں زبان کا پکا ہوں۔زبان پر کوئی کمپرومائز نہیں ہے۔ وفاقی حکومت سے اپنا حق لے کر آئیں گے، اگر وفاقی حکومت نے فنڈز نہ دیئے تو پارلیمنٹ کے باہر پوری کابینہ سمیت احتجاجی دھرنا دیں گے۔تحریک آزادی ہو یا دفاع پاکستان پونچھ کے بیٹوں نے ہمیشہ اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر کے دنیا کو پیغام دیا کہ ہم کٹ تو سکتے ہیں مگر جھک نہیں سکتے۔مقبوضہ کشمیر کے مظلوم نہتے بھائیوں کیساتھ کھڑے ہیں۔ عمران خان جرات مند لیڈر اور امت مسلمہ کا جگمگاتا ستارہ ہے،29 ستمبر کو کشمیری عوام اپنے قائد عمران خان کا مظفرآباد میں تاریخ ساز استقبال کریں گے۔پاکستان اور کشمیر کی عوام عمران خان کے ساتھ ہے اگلے انتخابات میں عمران خان دو تہائی اکثریت لیکر حکومت بنائیں گے۔ تحریک انصاف آزادکشمیر کی حکومت عوام کی ترقی اور خوشحالی کیلئے تمام وسائل مہیا کریگی، عمران خان کے ویژن اور مشن کے مطابق آزاد کشمیر میں تعمیرو ترقی کاسفر جاری رکھیں گے،آزادکشمیر پاکستان کی بنیادی اکائی ہے پاکستان کشمیریوں کا واحد وکیل ہے مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی افواج نے بہادر کشمیریوں پر ظلم و بربریت کے پہاڑ توڑ رکھے ہیں مگر وہ ان کے جذبہ آزادی کو کم نہیں کر سکے۔ وہ وقت دور نہیں جب مقبوضہ کشمیر کے لوگوں کو آزادی کی نعمت نصیب ہو گی۔وزیراعظم سردار تنویر الیاس خان کا بلوچ آمد پروزیر قانون و سیاحت سردار فہیم اختر ربانی اور مشیر حکومت سردار محمد حسین خان کی قیادت اور پی ٹی آئی رہنماوں و کارکنان کی جانب سے تاریخ ساز استقبال کیا گیا۔ سدھنوتی سے لیکر بلوچ تک شاہراہ کوخیر مقدمی بینروں سے سجایا گیا تھا، درجنوں مقامات پر کارکنان نے انکا نعروں کی گونج اور ڈھول کی تھاپ پر رقص کرتے ہوئے استقبا ل کیا،۔ورکرز کنونشن میں وزراء حکومت سردار فہیم اختر ربانی،چوہدری اظہر صادق، ممبر اسمبلی و مشیر حکومت سردار محمد حسین،ممبر کشمیر کونسل سردار رزاق خان، ڈی جی فوڈ اتھارٹی سردار عتیق سخاوت ایڈوکیٹ،ڈی جی ٹو پرائم منسٹر سردار گلفراز خان، فرزند صغیر احمد صغیر، سردار امتیاز شاہین آفیسر تعلقات عامہ ہمراہ وزیراعظم،جنرل سیکریٹری ضلع سدھنوتی سردار امجد سدوزئی سیکرٹری جنرل انصاف یوتھ ونگ آزاد کشمیر سردار عامر جمیل،صدر انصاف یوتھ ونگ ڈسٹرکٹ سدھنوتی سردار انس اشفاق،انفارمیشن سیکرٹری انصاف یوتھ ونگ آزاد کشمیر ضیاء سدوزئی،جوائنٹ سیکرٹری سردار صہیب اختر،راہنما پی ٹی آء سردار داؤد، نبیلہ ارشادایڈووکیٹ،سردار اشتیاق احمد، سردار آصف، سردار شکیل سمیت دیگر رہنما موجود تھے۔جلسے کے اختتام پر وزیر اعظم آزاد کشمیر نے مختلف جماعتوں کے سیاسی کارکنان کو اپنی جماعتیں چھوڑ کر تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کرنے پرانہیں روایتی مفلر پہنائے۔ وزیراعظم آزادکشمیر نے کہا کہ بلوچ میرا دوسرا گھر ہے یہاں کے لوگ مجھے بہت عزیز ہیں۔ آزادکشمیر کو فری کرپشن سٹیٹ بنائیں گے عوام کی فلاح و بہبود اور تعمیرو ترقی کے منصوبوں پر کسی کو کرپشن کرنے کی اجازت نہیں دیں،پونچھ ڈویثرن اور سدھنوتی بلوچ کے لوگوں نے تحریک آزادی کشمیر میں بے پناہ قربانیاں دی ہیں جن کو تاریخ میں ہمیشہ سنہری حروف سے لکھا جائے گا۔وزیراعظم آزادکشمیر نے کہاکہ آزاد کشمیر میں مختلف محکمہ جات میں نئی آسامیاں تخلیق کر رہے ہیں جن میں پڑھے لکھے نوجوانوں کو میرٹ پر بھرتی کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ تحریک آزادی کشمیر ایک نازک موڑ میں داخل ہو چکی ہے جسے کبھی کمزور نہیں ہونے دیں گے۔ریاست کے لوگوں کے ساتھ تعمیر وترقی کے حوالے سے جو بھی وعدے کریں گے انہیں ہر صورت پورا کریں گے۔ عوام کے بنیادی حقوق ان کی دہلیز پر بغیر مانگے ملیں گے،انہوں نے کہ تحصیل بلوچ سدھنوتی کے لوگوں نے جس والہانہ انداز اور گرم جوشی سے میرا استقبال کیا اور آج یہاں تاریخی ورکرز کنونشن/ جلسہ کیا اسے ہمیشہ یاد رکھوں گا۔وزیر اعظم نے وزیر سیاحت اور انتظامیہ کو ہدایت کی کہ اس ریجن میں ٹورازم کے فروغ کے لیے کروٹ جھیل میں 40دن کے اندر واٹر سپورٹس کا آغاز کریں۔ اس سلسلہ میں فوری طور پر ضروری انتظامات کیے جائیں اور اس جھیل میں واٹر سپورٹس سے متعلق تشہیر کر کے سیاحوں کا رخ مائل کریں۔ بلوچ میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے وزیر قانون وسیاحت سردار فہیم اخترربانی نے کہا کہ ہم وزیر اعظم آزادکشمیر سردار تنویر الیاس خان کے مشکور ہیں کہ جنہوں نے ورکر ز کنونشن میں شرکت کی اور حلقہ کی محرومیوں کو محسوس کرتے ہوئے تاریخی اور انقلابی پیکج کا اعلان کیا۔میرے حلقے میں رہنے والا ہر وہ قبیلہ مبارکباد کا مستحق ہے جنہوں نے مجھے منتخب کر کے مجھ پر اعتماد کا اظہار کیا اور اپنے حقوق کا محافظ مجھے منتخب کیا۔حکومت میں جب وزارت ملی تو سب سے پہلے محکمہ تعلیم پر توجہ دی میرے انتخابی حلقے میں 70 فیصد بچوں کے نہ سکول تھے اور نہ بیٹھنے کی جگہ تھی انہوں نے کہا کہ تعلیم کے نظام کو بہتر کریں گے تاکہ امیر اور غریب کے بچے یکساں تعلیم حاصل کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ حال میں جن سکولوں کے اساتذہ نے اچھا رزلٹ نہیں دیا ان کے ساتھ کسی قسم کی شفقت نہیں برتی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ عوام علاقہ بلوچ والوں نے الیکشن میں اپنا حق ادا کر دیا اب انکے حقوق کا تحفظ میں کرونگا۔ دریں اثناء وزیراعظم سردار تنویر الیاس خان نے اپنے دورہ پونچھ کے دوران راولاکوٹ اور تراڑکھل میں اپنے اعزاز میں دی گئی استقبالیہ تقاریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کیا۔ تقریب کی صدارت پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما اور امیدوار اسمبلی سردار نیئر ایوب نے کی جبکہ تراڑکھل میں سابق امیدوار اسمبلی سراد ارزش نے صدارت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم آزادکشمیر نے کہاکہ راولاکوٹ کو ہل اسٹیشن کا درجہ دے کر بڑا پیکج دیں گے جس سے روزگار کے بے شمار مواقع پیدا ہوں گے۔ خواتین کو ہنر مند بنانے کے لیے ٹیوٹا میں مختلف کورسز شروع کیے جا رہے ہیں۔خواتین کا شیلٹر ہوم ایک ہفتہ میں بحال کرنے کی ہدایت کرتا ہوں، چھوٹے کاروبار کرنے والوں کو 70 فیصد سرمایہ حکومت فراہم کرے گی۔سردار تنویر الیاس خان نے کہا کہ دھڑے بندی پر یقین نہیں رکھتا حکومت اور پارٹی ایک پیج پر ہیں،اگلے الیکشن تک پونچھ کو پی ٹی آئی کا گڑھ بنائیں گے۔انہوں نے کہا کہ راولاکوٹ میرا اپنا حلقہ ہے یہاں کے تمام مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا،پونچھ شہیدوں اور غازیوں کی دھرتی ہے اس نے ہمیشہ ایسے سپوت پیدا کیے جن پر ہمیں فخر ہے،یہاں کا ہر فرد ملک و قوم کے لیے جان دینا فخر سمجھتا ہے، ہندوستان کو پہلے بھی سبق سکھایا ہے اور اب بھی ہماری بہادر افواج ہندوستان کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملانے کے لیے پوری طرح تیار ہیں۔ وزیراعظم نے اپنے خطاب میں کہا کہ ریاستی تشخص پر کبھی کمپرومائز نہیں کیا. ہماری گردنیں تو کٹ سکتی ہیں لیکن غیر قانونی و غیر آئینی اقدام نہیں کر سکتے. پاکستان تحریک انصاف کو حکومت میں لانے کے لیے پورے آزاد کشمیر میں مہم چلائی اور چیئرمین عمران خان کا پیغام گھر گھر پہچایا جس کی وجہ سے پاکستان تحریک انصاف کی حکومت قائم ہوئی. تحریک انصاف کے کارکنوں کو ایڈجسٹ کیا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت منصوبہ بندی کے ساتھ کام کرتے ہوئے لوگوں کے مسائل حل کرنے کے لیے کوشاں ہے۔چئیرمین تحریک انصاف عمران خان نے؎ بحیثیت وزیراعظم آزاد کشمیر کے لیے 500 ارب روپے کے ترقیاتی پیکج کا اعلان کیا تھا وہ ہمیں نہیں دیا جا رہا جس کی وجہ سے مشکلات آ رہی ہیں۔آزادکشمیر میں تیز ترین سفری سہولیات کے لیے ہمارے پاس پلان ہیوفاقی حکومت اس میں آڑے آ رہی ہے۔سابق امیدوار اسمبلی سراد نیئر ایوب خان نے وزیراعظم کا راولاکوٹ آمد پر شکریہ ادا کیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان اور وزیر اعظم تنویر الیاس خان کی قیادت میں پارٹی کو مضبوط کرتے رہیں گے۔انہوں نے کہا کہ لوگ عمران خان کی کرپشن کے خلاف مہم میں ان کے ساتھ چٹان کی طرح کھڑے ہیں۔انہوں نے کہا کہ مظفر آباد میں سفیر کشمیر عمران خان کا تاریخ ساز استقبال کریں گے۔تقریب سے وزیر اعظم کے ترجمان ڈاکٹر عرفان اشرف نے بھی خطاب کیا جبکہ اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل فوڈ اتھارٹی سردار عتیق سخاوت، پی آر او ہمراہ وزیراعظم سردار امتیاز شاہین، سردار اورنگزیب خان، ملک حنیف، سردار افتخار فیروز، سردار عامر رفیق، سعود افتخار بھی موجود تھے۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں