مظفرآباد (پی آئی ڈی) وزیر اعظم آزاد جموں و کشمیر سردار تنویر الیاس خان نے کہا ہے کہ آزادکشمیر سیاحوں کے لیے پرکشش خطہ ہے، سیاحت کے فروغ کے لیے پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت کام کررہے ہیں تاکہ سیاحتی مقامات کو عصر حاضر کے مطابق سہولیات سے آراستہ کر سکیں۔آزاد کشمیر میں سیاحت کا وسیع پوٹینشل موجود ہے سیاحوں کو جدید سہولیات کی فراہمی کے لیے ٹھوس اقدامات اٹھا رہے ہیں۔
سیاحت جتنی ترقی کریگی ریاستی معیشت اتنی ہی مستحکم ہو گی اور مقامی سطح پر روزگار کے مواقع میسر آئیں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز عالمی یوم سیاحت کے حوالہ سے اپنے خصوصی پیغام میں کیا۔ وزیراعظم سردار تنویر الیاس خان نے کہاکہ ہماری حکومت کا سیاحت پر خصوصی فوکس ہے، نئے سیاحتی مقامات کو متعارف کروا کر وہاں سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایاجارہاہے۔ انہوں نیکہاکہ آزادکشمیرمیں موجود سیاحت کے پوٹینشل سے فائدہ اٹھانے کے لئے اقداما ت اٹھائے جارہے ہیں اس سلسلہ میں رواں مالی سال کے بجٹ میں خطیر رقم مختص کی گئی ہے۔ سیاحت کے فروغ سے ریاست معاشی طور پر خوشحال ہو گی اور روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔انہوں نے کہاکہ سیاحت کے فروغ کے لئے ضروری ہے کہ قدرتی ماحول کا تحفظ کیا جائے، جنگلات کے کٹاو کو روکنے کیلئے حکومت اقدامات اٹھا رہی ہے۔ پہاڑی علاقوں میں لوگوں کا جنگلات کی لکڑی سے انحصار کم کرنے کیلئے متبادل ذرائع فراہم کیے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر اپنے قدرتی حسن کی وجہ سے سیاحوں کی دلچسپی کا باعث ہے۔ حکومت آزاد کشمیر نے وزیر اعظم پاکستان عمران خان کے ویژن کے مطابق سیاحت کے فروغ کو اپنی ترجیحات میں رکھا ہے تاکہ زیادہ زیادہ اس شعبہ کو فروغ دیکر ریاست کی آمدن میں اضافہ کیا جاسکے۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں