کوٹلی (پی آئی ڈی) وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے اطلاعات، ماحولیات و سمال انڈسٹریز چوہدری محمد رفیق نیر نے کہا ہے کہ وزیراعظم سردار تنویر الیاس خان سیاسی رواداری پر یقین رکھتے ہیں، پیالی میں طوفان اٹھانے کی کوشش کرنے والے کامیاب نہیں ہو سکتے۔ نام نہاد ایشو کو ہوا بنا کر پی پی کا ہر بالشتیہ لیڈر بننے کے چکر میں ہے۔ عوام کی مسترد کردہ پیپلز پارٹی کشمیری عوام کی توجہ حاصل کرنے کی کوشش کر رہی ہے جس میں اسے ناکامی ہو گی۔
نیوٹن کا قانون ہے ہر عمل کا ردعمل ہوتا ہے جس طرح کی لینگویج پیپلز پارٹی کے رہنماء استعمال کر رہے تھے اسکا ردعمل آنا ایک فطری عمل تھا۔معاون خصوصی اطلاعات نے ان خیالات کا اظہار صحافیوں سے گفتگو میں کیا۔چوہدری محمد رفیق نیئرنے کہا کہ سیاست میں پیسے کا استعمال سب سے پہلے پیپلزپارٹی نے متعارف کرایا کیا چوہدری لطیف اکبر کو یاد نہیں ہے کہ کس طرح 2011میں جب انہیں صدارت کا امیدوار نامزد کر دیا گیا تھا پیسے کے بل بوتے پر ایک نووارد کو پیسے لیکر صدر کا عہدہ دیا گیا تھا۔انہوں نے کہا احترام سب کا ہونا چاہیے آپ ہماری قیادت کی قدر کریں گے تو ہمارے کارکن بھی آپ کا لحاظ کریں گے آزادکشمیر ویسے بھی سیاسی رواداری میں اپنی مثال آپ ہے مگر اس کے لئے ضروری ہے کہ ایک دوسرے کا احساس کیا جائے۔انہوں نے پیپلز پارٹی کے رہنماؤں کے بیانات پر شعری انداز میں تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ اتنی نہ بڑھا پاکئی داماں کی حکایت،دامن کو ذرا دیکھ ذرا بند قبا دیکھ۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی کے کوئی پانچ،چھ گروپ ہیں ان کے کچھ ارکان ہمارے ساتھ بھی رابطے میں رہتے ہیں اس لئے وزیراعظم سردار تنویر الیاس خان کی قیادت میں تحریک انصاف کی حکومت کو کوئی خطرہ نہیں ہے، سردار تنویر الیاس خان نہ صرف اپنی موجودہ ٹرم پوری کریں گے بلکہ آئندہ بھی وہی وزیراعظم ہونگے اور کشمیری عوام کی خدمت کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں