اسلام آباد (پی این آئی) پیپلز پارٹی آزاد کشمیر نے وزیراعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس کی جانب سے قائد حزب اختلاف چوہدری لطیف اکبر کے خلاف نازیبا اور انتہائی سخت غیر پارلیمانی زبان استعمال کی ہے۔ اس کی شدید مذمت کرتے ہوئے پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کے صدر چوہدری محمد یاسین اور سیکرٹری جنرل فیصل ممتاز راٹھور نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ چوہدری لطیف اکبر پارٹی کا اثاثہ ، متوازن اور سنجیدہ سیاستدان ہیں۔
بلاشبہ وہ سینئر ترین پارلیمنٹرین ہیں جنہوں نے ہمیشہ پارلیمنٹ کے اندر اور باہر باوقار سیاست کی ہے بلکہ سیاست میں تحمل و بردباری کو فروغ دیا ہے ۔ انہوں نے وزیراعظم آزاد کشمیر کی اپوزیشن لیڈر کے خلاف بے جا تنقید کو غیر پارلیمانی اور غیر اخلاقی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ تحریک آزادی کشمیر کے بیس کیمپ کے وزیراعظم کو اس طرح کی زبان زیب نہیں دیتی اور نہ ہی آزاد خطہ اس قسم کی بازاری اور لغو زبان کا متحمل ہو سکتا ہے ۔ یہی وجہ ہےکہ نہ صرف آزاد کشمیر، پاکستان ، مقبوضہ کشمیر بلکہ بیرون ملک تارکین وطن سمیت ہر طبقہ فکر کے باشعور عوام نے وزیراعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس خان کی پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کے صف اول کے باکردار رہنما کے خلاف ہرزہ سرائی کو انتہائی افسوس ناک اور ناپسندیدگی کی نگاہ سے دیکھا ہے بلکہ میڈیا اور سوشل میڈیا پر بھر پور نفرت کا اظہار کیا جا رہا ہے۔ دونوں رہنمائوں نے وزیراعظم آزاد کشمیر سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فی الفور اپوزیشن لیڈر سے اپنی غیر پارلیمانی زبان اور غیر اخلاقی الفاظ کہنے پر معافی مانگیں بصورت دیگر پاکستان پیپلز پارٹی آزاد کشمیر 26 ستمبر بروز سوموار آزاد کشمیر بھر میں احتجاجی تحریک شروع کرے گی ۔ انہوں نے تنویر الیاس خا ن کو متنبہ کیا ہے کہ وہ اپنی اوقات کے اندر رہتے ہوئے ہوشمندی سے سیاست کریں نہ کہ اپنے فتنہ انگیز قائد تحریک انصاف کے نقش قدم پر چلتے ہوئے عمرانی کلچر کو آزاد خطہ میں پروان چڑھائیں جس کا انجام ما سوائے تباہی کے کچھ نہ ہو گا ۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں