مظفرآباد (آئی اے اعوان) سابق وزیراعظم آزادکشمیر ومرکزی نائب صدر مسلم لیگ ن راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا ہے کہ پاکستان اور ہندوستان کشمیر کی وجہ سے حالت جنگ میں ہیں۔برصغیر میں امن کا قیام مسئلہ کشمیر کے تسلیم شدہ حل حق خود ارادیت رائے شماری کے ذریعے ہی ممکن ہے۔ عالمی یوم امن کے موقع پر اپنے ایک بیان میں راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کشمیر میں کیلئے رائے شماری اقوام متحدہ سے کمشنررائے شماری کے تقرر کا مطالبہ کیا انکا کہنا تھا رائے شماری کے ذریعے کشمیریوں کو اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنے کا حق اقوام متحدہ کی قراردادوں میں تسلیم شدہ ہے۔
سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ کشمیر میں رائے شماری کے ذریعے اپنی ذمہ داریاں پوری کرتے ہوئے رائے شماری کے کمشنر کا تقرر کریں۔ راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا کہ بھارت خطے کی ڈیمو گرافی تبدیل کرنے کے لیے تیزی سے اقدامات کررہا ہے۔5اگست 2019ءکے بعد کشمیر کے حوالے سے ہندوستانی اقدامات سلامتی کونسل کی قراردادوں کی نفی ہیں۔انہوں نے کہا کہ دنیا میں امن کے قیام کے لیے کردار ادا کرنے والے ممالک اور تنظیمیں کشمیر کا مسئلہ حل کروانے کے لیے اقوام متحدہ پر زور ڈالیں۔سلامتی کونسل کی تمام قراردادوں میں کشمیریوں کے لیے حق خود ارادیت تسلیم کیا گیا ہے اور یہ حق خود ارادیت رائے شماری کے ذریعے ہونا ہے۔راجہ فاروق حیدر خان نے کہا کہ رائے شماری کے بغیر نہ ہندوستانی اقدامات کی کوئی قانونی حیثیت ہے اور نہ ہی اس طرح کے اقدامات سے امن قائم ہوسکتا ہے۔آزادکشمیر حکومت کے قیام کابنیادی مقصد بھی رائے شماری کے لیے حالات ساز گار بنانا تھا۔یہ خطہ رائے شماری کے لیے تیار ہے کشمیر کے عوام نے اگرچے قیام پاکستان سے پہلے اپنی منزل کا تعین کرلیا تھا اور اس کے حصول کے لیے عملی جدوجہد کا آغاز کیا گیا جو آج تک جاری ہے۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں