مظفرآباد (آئی اے اعوان) آزادجموں وکشمیر الیکشن کمیشن کی جدید ویب سائیٹ لانچ کردی گئی۔ چیف الیکشن کمشنر جسٹس ریٹائرڈ عبدالرشید سلہریا نے بٹن دبا کر الیکشن کمیشن کی ویب سائیٹ کا افتتاح کیا۔ آزاد جموں وکشمیر الیکشن کو عصر حاضر کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے اور انفارمیشن ٹیکنالوجی سےبھر پورفائدہ اٹھانے کیلئے نئی ویپ سائیٹ لانچ کردی گئی ہے
افتتاح تقریب میں وزیراعظم آزادکشمیر کے معاون خصوصی برائے آئی ٹی چوہدری محمد اقبال، سینئر ممبر الیکشن کمیشن راجہ محمد فارو ق نیاز، ممبر الیکشن کمیشن فرحت علی میر، سیکرٹری الیکشن کمیشن محمد غضنفر خان، ڈائریکٹر جنرل اطلاعات راجہ اظہر اقبال ڈائریکٹر جنرل آئی ٹی بورڈ ڈاکٹر خالد رفیق، الیکشن کمشنرز راجہ راشد محمود، ندیم ایوب، اشفاق عباسی،خواجہ ارشد،آئی ٹی بورڈ اور الیکشن کمیشن کے افسران نے شرکت کی ۔معاون خصوصی برائے آئی ٹی چوہدری محمداقبال نے اس موقع پر ویب سائیٹ کے حوالہ سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ویب سائیٹ پر ووٹر کے لیے تمام مطلوبہ معلومات موجود ہیں اس حوالہ سے تمام فیچرز ویب میں رکھے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اب زیادہ تر لوگ موبائل سے انٹرنیٹ کا استعمال کرتے ہیں اس لیے ویب سائٹ کو موبائل فرینڈلی بنایا گیا ہے۔ الیکشن کمیشن کی نئی ویب سائٹ ec.ajk.gov.pkآئی ٹی بورڈ کے تعاون سے ری ڈیزائن کی گئی ہے۔ الیکشن کمیشن ویب سائٹ پر مستقبل میں ووٹ رجسٹریشن اور چیک کرنے کی سہولت میسر کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔ الیکشن کمیشن سے جاری ہونے والے روزہ مرہ نوٹیفکیشنز، جنرل و بلدیاتی حلقہ بندی، نقشہ جات، فیصلہ جات سمیت دیگر ویب سائٹ پر موجود ہوں گی۔۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں