مودی کی ہندو توا پالیسیوں کے خلاف 24 ستمبر کو اقوام متحدہ کے سامنے مظاہرے میں بھرپور انداز میں شرکت کریں، بیرسٹر سلطان محمود کی امریکہ میں مقیم کشمیریوں سے اپیل

واشنگٹن(پی این آئی) صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ واشنگٹن، نیویارک، نیو جرسی، ورجینیا سمیت امریکہ بھر میں مقیم کشمیری ہرجگہ متحرک ہو کر مسئلہ کشمیرکے حل کے لئے اور مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی مظالم اور مودی کی ہندوتوا پالیسیوں کے خلاف 24ستمبر کو اقوام متحدہ کے دفتر کے سامنے کشمیریوں کے احتجاجی مظاہرے میں بھرپور انداز میں شرکت کریں تاکہ انٹرنیشنل کمیونٹی کے سامنے بھارت کے مکروہ چہرے سے رنگین نقاب اُتار کر اُس کے اصل عزائم کو آشکار کیا جا سکے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج یہاں واشنگٹن کے علاقے ورجینیا میں چوہدری فاروق کی طرف سے اپنے اعزاز میں دئیے گئے استقبالیہ سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر استقبالیہ سے ڈاکٹر غلام نبی فائی، مقبوضہ کشمیر کی اہم شخصیت پروفیسر ڈاکٹر امتیاز، شعیب آفتاب، سردار زبیر، سردار آفتاب روشن، سردار تحسین، چوہدری فاروق اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔ اس سے قبل صدر ریاست آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری جب نیو یارک سے واشنگٹن پہنچے تو اُن کا واشنگٹن میں مقیم کشمیری زعماء کی جانب سے شاندار استقبال کیا گیا۔ اس موقع پر استقبالیہ سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر غلام نبی فائی نے کہا کہ ہم سب کو مل کر مسئلہ کشمیر کے حل اور مقبوضہ کشمیر میں جاری ظلم وبربریت پر اپنی آواز بھرپور انداز میں بلند کرنی چاہیے اس سلسلے میں پاکستان کے علاوہ دیگر ممالک کو بھی کشمیریوں کے حق خودارادیت کی حمایت کرنی چاہیے۔ صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری آزادکشمیر کے واحد لیڈر ہیں جو عالمی سطح پر کشمیریوں کی آواز بلند کرتے رہتے ہیں ہم مسئلہ کشمیر کو اُجاگر کرنے کے سلسلے ان کی کاوشوں میں ان کے ساتھ ہیں۔

اس موقع پر پروفیسر ڈاکٹر امتیاز نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالی میں بے پناہ اضافہ ہو چکا ہے اور ہمیں مشترکہ طور پر اس سلسلے میں اپنی آواز عالمی برادری تک پہنچانی ہو گی۔ صدر ریاست آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے مزید کہا کہ 24ستمبرکوجب اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے بھارتی وزیر اعظم نریندرمودی یابھارتی وزیر خارجہ خطاب کے لئے آئیں گے تو اس موقع پر نیویارک میں اقوام متحدہ کے دفتر کے سامنے کشمیری ایک بڑا احتجاجی مظاہرہ کریں گے جس سے بھارت کی ریشہ دوانیوں اور مقبوضہ کشمیر میں جاری ظلم وبربریت کی جانب دنیا کی توجہ مبذول کرانے میں مدد ملے گی۔ لہذا امریکہ میں مقیم کشمیری 24ستمبر کو اقوام متحدہ کے دفتر کے سامنے کشمیریوں کے مظاہرے میں بھرپور انداز میں شرکت کریں۔ ۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close