بینک آف آزاد کشمیر، پہلی ششماہی کا منافع بڑھ کر 409 ملین روپے ہو گیا، حکومت بینک کی ترقی کے لئے تمام ممکنہ اقدامات کر رہی ہے، وزیر خزانہ ماجد خان

مظفرآباد (آئی اے اعوان) بینک آف آزاد جموں وکشمیر ترقی کی منازل تیزی سے طے کرنے لگا رواں سال کی کی پہلی ششماہی کا منافع بڑھ کر 409 ملین روپے کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا۔ بینک کے اثاثہ جات 27 ارب ہیں جوکہ ادارے کی تیز رفتار ترقی کی جانب غیر معمولی پیش رفت ہے ۔بینک آف آزاد جموں وکشمیر کے ہیڈ آفس میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر کے وزیر خزانہ، کوآپریٹو و ان لینڈ ریونیو اور چیئرمین بینک خان عبد الماجد خان نے بینک کی کامیابیوں کو سہراتے ہوئے ٹیم کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا ۔

اس موقع پر ڈویژنل ہیڈز، ریجنل کنٹرولر، زونل چیف، برانچ منیجرز اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔وزیر عبدالماجد خان اپنے خطاب میں کہا کہ ریاست کی سرپرستی میں چلنے والا بینک ترقی کی راہ پر گامزن ہو گیاہے۔بینک عملے کی لگن اور محنت سے منافع جات،ڈیپازٹس، ترسیلات زر اور اثاثہ جات سمیت تمام شعبوں میں نمایاں بزنس نتائج حاصل کئے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت بینک کی ترقی اور بہتری کے لئے تمام ممکنہ اقدامات کر رہی ہے۔

عملے کے مفادات کا تحفظ اور پیشہ ورانہ ماحول کی فراہمی یقینی بنا دی گئی ہے۔

اس سے قبل صدر اور چیف ایگزیکٹو آفیسر جناب خاور سعید نے چیئرمین عبدالماجد خان کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ سال 2019 میں بینک کا منافع 139 ملین روپے تھا جو 2020 میں زیادہ ہو کر 301 ملین اور2021 میں 229فیصد کے تاریخی اضافے کے ساتھ 458 ملین روپے کی سطح پر پہنچا۔سال2022 کی پہلی شش ماہی میں منافع دوگنا ہو کر 409 ملین روپے ہو گیا جب کہ گزشتہ سال کی شش ماہی میں منافع 205 ملین روپے تھا۔

انہوں نے کہا کہ بینک کے کل اثاثہ جات 27ارب روپے تک پہنچ گئے۔صدر بینک کا کہنا تھا کہ حکومت آزاد کشمیر کی سرپرستی، بورڈ آف ڈائریکٹرز بالخصوص خان عبدالماجد خان کی مخلصانہ کاوشوں اور بینک کے ٹیم ورک سے بہترین کاروباری نتائج کا حصول ممکن ہوا اور سال کی پہلی ششماہی میں بھی تاریخی فنانشل نتائج حاصل کئے گئے۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close