ففتھ جنریشن وار کا مقابلہ کرنے کے لیے سوشل میڈیا پر توجہ ناگزیر ہے، سوشل میڈیا پالیسی کے حوالے سے وزیر اعظم آزاد کشمیر کا اجلاس سے خطاب

مظفرآباد (آئی اے اعوان) آزاد کشمیر حکومت نے سوشل میڈیا پرافواہوں کی روک تھام،سوشل میڈیا کے ذریعے تحریک آزادی،ریاست کی تعمیر وترقی،سیاحت کے فروغ اور حکومت کے سافٹ امیج سامنے لانے کیلئے ڈیجیٹل میڈیا پالیسی پر عملدرآمد شروع کردیاہے۔وزیراعظم آزادحکومت ریاست جموں و کشمیر سردار تنویر الیاس خان نے کہا ہے کہ اسوقت سوشل میڈیا پوری دنیا میں بے پناہ اہمیت اختیار کرچکاہے۔ففتھ جنریشن وار کا مقابلہ کرنے کے لیے سوشل میڈیا پر توجہ دینا ناگزیر ہے۔

سوشل میڈیا پالیسی کے حوالے سے وزیراعظم نے محکمہ اطلاعات آزاد کشمیر کی سیکرٹری مدحت شہزاد اور ڈائریکٹر جنرل راجہ اظہر کو خصوصی ہدایات جاری کرتے ہوئے وزیراعظم سردار تنویر الیاس نے کہا کہ آزادکشمیر کے اندر سوشل میڈیا استعمال کرنے والے تحریک آزادی کشمیر کو اجاگر کرنے، ریاست کی تعمیر و ترقی، سیاحت کے فروغ اور حکومت کے سافٹ امیج کو سامنے لانے کے لیے اپنا مثبت کردار ادا کریں۔ سائبر کرائم کے مرتکب افراد کے خلاف سخت کارروائی کی جا رہی ہے تاکہ ڈس انفارمیشن (Disinformation) پھیلانے والوں کو روکا جا سکے اس سلسلہ میں ڈیٹا اکٹھا کیا جا رہا ہے۔ سوشل میڈیا پر کام کرنے والے افراد حکومت کا دست و بازو بنیں اور سوشل میڈیا پر افواہیں پھیلانے والوں کا سد باب یقینی بنائیں۔ آزادکشمیر میں سوشل / ڈیجیٹل میڈیا کو ریگولائز کرتے ہوئے اسے میڈیا لسٹ پر لایا جا رہا ہے۔ اس سلسلہ میں ڈائریکٹر جنرل اطلاعات کی سربراہی میں کمیٹی قائم کر دی گئی ہے اور حکومت نے ابتدائی طور پر 3 کروڑ روپے کے فنڈ بھی فراہم کر دئیے ہیں۔ وہ تمام سوشل میڈیا پلیٹ فارمز جن کے Subscribersکی تعداد اچھی ہے ان کو رجسٹرڈ کر کے ان کو اشتہارات کی مد میں فنڈز فراہم کریں گے۔ وزیراعظم نے کہا کہ انفارمیشن کے موجودہ تیز رفتار دور میں سوشل میڈیا کی اہمیت میں بے پناہ اضافہ ہو گیا ہے۔ حکومت آزادکشمیر سوشل میڈیا کی طرف خصوصی توجہ دے رہی ہے جس کے لیے ابتدائی طور پر تین کروڑ روپے فراہم کیے جا رہے ہیں جو صرف سوشل میڈیا کے اداروں کوہی ملیں گے تاکہ سوشل میڈیا کو بھی کسی دائرہ کار میں لایا جا سکے۔

اس کے ساتھ ہی سوشل میڈیا پر ڈیفامیشن کنٹینٹ(Defamation Content) پھیلانے والوں کے خلاف بھی قانون کے تحت سخت کارروائی کی جا رہی ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ حکومت الیکٹرانک میڈیا کے لیے پلاننگ کر رہی ہے تاکہ الیکٹرانک میڈیا کو بھی سہولیات دی جا سکیں۔ آزادکشمیر کی حکومت سوشل میڈیا کے اداروں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے، سوشل میڈیا چلانے والے ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے عوام کی آوا ز بنیں تاکہ آزادکشمیر کے سوشل اداروں کی لوگ مثالیں دیں۔ انہوں نے کہا کہ اسوقت سوشل میڈیا کی رسائی آزادکشمیر کے ہر ڈویثرن،ضلع،تحصیل اور گاوں کی سطح تک ہے۔ اس لیے سوشل میڈیا حکومتی پالیسیوں کی عوام تک پہنچانے میں زیادہ تیز رفتار ٹول بن چکا ہے۔ حکومت آزادکشمیر میڈیا کے اس ٹول کی اہمیت کے پیش نظر اس کی طرف خصوصی توجہ دے رہی ہے۔سوشل میڈیا چلانے والے بھی اپنی سماجی ذمہ داریوں کا احساس کریں اور عوام کی درست سمت میں رہنمائی کریں تاکہ حکومت بھی سوشل میڈیا سے رہنمائی لے کر اپنی اصلاح کر سکے۔ لیکن یہ اسی صورت میں ممکن ہوگا جب سوشل میڈیا ریگولیٹ ہوگا اور وہ ذمہ داری سے کام کریگا۔ حکومت سوشل میڈیا کے لیے مزید وسائل فراہم کرے گی۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close