مظفرآباد (آئی اے اعوان) ایک انسان کی جان بچانا دنیا کا سب سے بڑا کام ہے ڈاکٹر کے ہاتھ میں شفاء اور دل میں انسانیت کی خدمت کا جذبہ ہونا چائیے ۔وزیرا عظم آزادکشمیر سردار تنویر الیاس خان نے مظفرآباد میڈیکل کالج کے چھٹے سمپوزیم کی افتتاحی تقریب سے خطاب کے دوران طلباء وطالبات کی کر دار اور زہن سازی کی ضرورت پر زور دیا وزیراعظم نے کہا کہ کسی بھی معاشرے میں ڈاکٹرز ایک مسیحا کی حیثیت رکھتے ہیں۔ ڈاکٹر ز کے ہاتھ میں شفاء ہوتی ہے جبکہ دل میں انسانیت کی خدمت کا جذبہ بھی ہونا چاہیے۔
ہمیں میڈیکل کالجز میں معیار تعلیم مزید بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔ دنیا بھر میں میڈیکل سائنسز نے اتنی ترقی نہیں کی جنتی ہونی چاہیے۔ حکومت صحت کے شعبہ پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔ آزادکشمیر کے عوام کو صحت کی بنیادی سہولیات کی فراہمی، ہسپتالو ں میں ادویات کی فراہمی اور دیگر ضروری سامان کی فراہمی سمیت تمام ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ انسانی جان بچانا دنیا کا سب سے بڑا کام ہے۔ میڈیکل کالج میں طلباء و طالبات کی کردار سازی اور ذہن سازی بھی کرنی چاہیے تاکہ انہیں اپنے کام کا پتہ ہو۔
وزیر اعظم نے تلاوت اور نعت پڑھنے والا طلباء کے لیے 35 ہزار روپے فی کس سمیت سپورٹنگ سٹاف کو مستقل کرنے کا اعلان بھی کیا تقریب سے آزاد کشمیر کے وزیر صحت عامہ ڈاکٹر نثار انصر ابدالی،پرنسپل میڈیکل کالج پروفیسر ملازم حسین بخاری، کنٹری ڈائریکٹر ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن(WHO) ڈاکٹرپلیتھا ماہی پالا اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا جبکہ اس موقع پر آزاد کشمیر کے وزراء حکومت خواجہ فاروق احمد، عبدالماجد خان، چوہدری اظہر صادق، سردار فہیم اختر ربانی، چوہدری محمد رشید، سیکرٹریز حکومت، سربراہان محکمہ جات، فیکلٹی ممبران، سول و فوجی حکام اور کالج کے طلباء و طالبات بھی موجود تھے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیرا عظم آزادکشمیر سردار تنویر الیاس خان نے مزید کہا کہ ڈاکٹرز اپنے کام میں انسانیت کو ترجیح دیں اور خدمت کے جذبہ کے ساتھ مریض کا علاج کریں۔انہوں نے کہا کہ کالج میں ریسرچ کے لیے لیبارٹریز قائم کریں حکومت فنڈز دے گی۔ کینولا، سنی پلاسٹ اور ڈسپوزایبل سرنج تیار کریں حکومت معاونت کرے گی۔انہوں نے کہا کہ ریسرچ کے مواقعوں پر کام کریں۔خواتین ڈاکٹرز کسی بھی معاشرے کا حسن ہیں۔ مشکلات کے باوجود ہماری خواتین میڈیکل کے شعبہ کے ساتھ ساتھ دیگر تمام شعبہ جات میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کر رہی ہیں۔ خواتین نے زندگی کے ہر شعبہ میں لوہا منوایا ہے۔
انہوں نے خواتین ڈاکٹرز کو ہدایت کی کہ وہ انسانیت اور خدمت کے جذبہ سے ہارٹ کی فیلڈ میں آئیں تاکہ خواتین مریضوں کو آسانی ہو۔انہوں نے کہا کہ کہ میڈیکل کالج کے تمام مسائل حل کریں گے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر صحت عامہ ڈاکٹر نثار انصر ابدالی نے کہا کہ آزادکشمیر میں نظام صحت کو مزید مضبوط بنائیں گے۔ ہمیں شعبہ صحت میں بے شمار چیلنجز کا سامنا ہے لیکن آج ہم کہہ سکتے ہیں کہ ہم نے کافی حد تک نظام میں میں بہتری لائی ہے۔ بہت جلد ہیلتھ یونیورسٹی کا افتتاح کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ آزادکشمیر میں ہیلتھ پالیسی کا ڈاکومنٹ بھی فائنل ہو چکا ہے۔ وزیر صحت عامہ نے کہا کہ ڈاکٹرز کے لیے ہیلتھ فاؤنڈیشن کے ڈاکومنٹس بھی آخری مراحل میں ہے۔ جن سے ڈاکٹرز کے بے شمار مسائل حل ہو ں گے۔ انہوں نے کہا کہ میڈیکل کالج کے طلباء طالبات ریسرچ پر کام کریں۔ انشااللہ نظام صحت میں مزید بہتری لائیں گے اور آزادکشمیر کی عوام کو صحت کی بنیادی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنائیں گے۔ تقریب سے خطاب کر تے ہوئے پرنسپل پروفیسر ملازم حسین بخاری نے کہا کہ کالج میں ریسرچ لیب پر کام شروع کر دیا ہے۔ پرنسپل میڈیکل کالج نے تمام آنے والے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کنٹری ڈائریکٹر ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن ڈاکٹر پلیتھا ماہی پالا نے کہا کہ مجھے آزادکشمیر آ کر بے حد خوشی ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ آزادکشمیر کے عوام کو صحت کی سہولیات کی فراہمی کے لیے ہم پیش پیش ہیں۔ آزادکشمیر میں نظام صحت کو مضبوط کر کے عوام کو صحت کی سہولیات فراہم کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر میڈیکل کالج میں ٹیلی میڈیسن سنٹر کا آغاز خوش آئند ہے۔ صحت کی بنیادی سہولیات کو ٹیلی میڈیسن سے منسلک کر کے لوگوں کو سپورٹ کیا جائے گا۔ آخر میں وزیر اعظم آزادکشمیر سردار تنویر الیاس خان کو پرنسپل میڈیکل کالج پروفیسر ملازم حسین بخاری نے شیلڈ بھی پیش کی۔ قبل ازیں وزیر اعظم نے میڈیکل کالج میں قائم بلڈ لیبارٹری کا افتتاح کیا اور دیگر شعبوں کا معائنہ بھی کیا۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں