آزاد کشمیر بلدیاتی انتخابات، پیپلز پارٹی نے امیدواروں سے 27 ستمبر تک درخواستیں طلب کر لیں

اسلام آباد (پی این آئی) پاکستان پیپلزپارٹی آزاد کشمیر نے بلدیاتی انتخابات کیلئے امیدواروں سے 27ستمبر تک درخواتیں طلب کر لیں۔ امیدواروں سے درخواستیں اور فیس وصول کرنے کیلئے کمیٹیاں قائم ۔ کمیٹی میں پارٹی کے ضلعی صدر اور ٹکٹ ہولڈرز شامل ہوں گے جبکہ سٹی کارپوریشن کیلئے سٹی صدر، جنرل سیکرٹری اور ٹکٹ ہولڈر شامل ہوں گے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کے صدر چوہدری محمد یاسین کی ہدایت پر پارٹی کے مرکزی سیکرٹری جنرل فیصل ممتاز راٹھور نے پارٹی کے ان تمام امیدواروں سے بلدیاتی انتخابات میں حصہ لینے کیلئے 27 ستمبر تک درخواستیں طلب کر لی ہیں۔

نومبر میں آزاد کشمیر میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات کیلئے پارٹی ٹکٹ کے حصول کیلئے پیپلز پارٹی آزاد کشمیر نے ضلع کونسل ، میونسپل کارپوریشن اور میونسپل کمیٹی کے امیدوار کیلئے 5000 روپے جبکہ لوکل ممبر کیلئے 3000 روپے فیس مقرر کی ہے جو کہ درخواست کے ہمراہ پارٹی کے ضلعی صدور بلدیاتی انتخابی کمیٹی کے ممبر بھی ہوں گے ان کے پاس جمع کرانی ہونگی۔بلدیاتی انتخابات میں حصہ لینے والے امیدواروں سے درخواستوں کی وصولی کیلئے کمیٹیاں بھی قائم کر دی گئی ہیں۔ کمیٹی میں ہرضلع کے پارٹی صدر اور ٹکٹ ہولڈرز شامل ہوں گے۔

سٹی کارپوریشنز میں سٹی صدر، جنرل سیکرٹری اور ٹکٹ ہولڈر شامل ہوں گے جبکہ سٹی مظفرآباد کیلئے صدر ، جنرل سیکرٹری کے ساتھ سردار مختار عباسی اور راولاکوٹ کارپوریشن کیلئے سٹی صدر، جنرل سیکرٹری کے ساتھ سردار عابد حسین عابد ممبر ہوں گے۔فیصل ممتاز راٹھور نے پارٹی ٹکٹ کے امیدواروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ بلدیاتی انتخابات کے لئے مقرر کردہ مطلوبہ کوائف بھی درخواست اور فیس کے ہمراہ جمع کرانے ہونگے۔۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں