مقبوضہ ریاست میں باہر کے لوگوں کو ووٹنگ کا حق دینا ظالمانہ اور غیر قانونی ہے، کشمیری عوام ریاست کے اندر اور عالمی سطح پر مزاحمت کریں گے، وزیر اعظم آزاد کشمیر کی گفتگو

اسلام آباد (پی آئی ڈی) وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر اور تحریک انصاف آزادکشمیر کے صدر سردار تنویر الیاس خان نے ہندوستانی فوجیوں کی طرف سے ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائیوں میں بے گناہ کشمیری نوجوانوں کے قتل کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ایسی کارروائیاں نریندر مودی کی زیر قیادت فسطائی بھارتی حکومت کی مقبوضہ علاقے میں منظم نسل کشی کی مہم کا حصہ ہے، ریاست میں باہر کے لوگوں کو ووٹنگ کا حق دینا سراسر ظالمانہ اور غیر قانونی ہے جس کی کشمیری عوام ریاست کے اندر اور عالمی سطح پر مزاحمت کریں گے۔ یہ اسرائیلی ماڈل ہے جس پر کشمیریوں نے کسی بھی صورت میں عمل درآمد نہیں ہونے دینا

۔ہفتہ کے روز ہندوستانی اقدامات پر اپنے ردعمل میں وزیر اعظم سردار تنویر الیاس خان نے مقبوضہ کشمیر میں کشمیریوں کے بے رحمانہ قتل کو ظالمانہ قرار دیا۔انہوں نے کہا کہ قتل و غارت جموں وکشمیرمیں آبادی کے تناسب کو تبدیل کرنے کے مودی حکومت کے مذموم منصوبے کا حصہ ہے۔انہوں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بھارت ایک طرف بیگناہ کشمیریوں کا قتل عام کر رہا ہے جبکہ دوسری طرف وہ بھارتی شہریوں کو مقبوضہ علاقے میں مستقل طور پر آباد کر کے اور انہیں ووٹنگ کا حق دے کر خطے میں آبادیاتی تبدیلی لانے کی کوششیں کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی حکومت فلسطینی علاقوں میں اسرائیلی حکومت کی جانب سے کیے گئے یہودی آباد کاری کے اقدامات کی طرز پر مقبوضہ جموں وکشمیر میں مسلمان اکثریتی خطے کی شناخت کو تبدیل کرنے کے منصوبے پر عمل پیرا ہے۔ حکومت آزادکشمیر بھارت کے ناپاک عزائم کو ناکام بنانے کے لیے ہر محاذ پر کردار ادا کرے گی۔بھارتی حکومت پہلے ہی 1927 سے نافذ اسٹیٹ سبجیکٹ کے قانون کا بھی خاتمہ کرچکی ہے۔ اس ظالمانہ اقدام سے نئی دہلی نے بھارتی شہریوں کو مقبوضہ کشمیر کا ڈومیسائل اور ملازمتیں حاصل کرنے کا قانونی حق دیا۔سردار تنویر الیاس خان نے کہا کہ رہی سہی کسر اب مقبوضہ کشمیر میں غیر ریاستی باشندوں کو ووٹ کا حق دے کر پوری کردی گئی ہے۔

حقیقت میں بھارت سیاسی طور پرکشمیریوں کو مکمل بے اختیار کرنا چاہتا ہے۔ پہلے ہی کشمیری مسلمان افسروں کو کشمیر ویلی سے باہر ٹرانسفر کیاگیا ہے۔ پولیس اور انتظامیہ کے عام اعلیٰ عہدوں پر غیر ریاستی اور غیر مسلموں کو تعینات کیاگیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ کشمیریوں نے پہلے بھی بھارت کے جابرانہ حربوں کا مقابلہ کیا ہے اور آئندہ بھی ڈٹ کر جدوجہد آزادی جاری رکھیں گے۔ کشمیری شہدا کے وارث ہیں،انہوں نے ظلم کے آگے جھکنا اور بکنا سیکھا ہی نہیں ہے۔وزیراعظم نے اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں پر زور دیا کہ وہ مقبوضہ جموں کشمیر میں بیگناہ لوگوں کا قتل عام روکنے کے لیے اپنا کردار ادا کریں اور مسئلہ کشمیر کے اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیریوں کی خواہشات کے مطابق حل کیلئے بھارت پر دباو ڈالیں۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close