آزاد کشمیر میں تحریک انصاف کی حکومت کو کوئی خطرہ نہیں، باغ کا جلسہ ٹریلر تھا، عمران خان کا آزاد کشمیر میں جلسہ نئی تاریخ رقم کرے گا، سردار تنویر الیاس کی وفود سے گفتگو

راولاکوٹ (آئی اے اعوان) حکومت بنائی ہے ،چلانی بھی آتی ہے آزاد کشمیر میں تحریک انصاف کی حکومت کو کوئی خطرہ نہیں، باغ کا جلسہ ٹریلر تھا عمران خان کا آزاد کشمیر میں جلسہ نئی تاریخ رقم کرے گا۔ وزیراعظم آزادکشمیر سردار تنویر الیاس نے اپنے مخالفین کو دوٹوک پیغام دے دیا۔

جنڈالہ میں سردار زبیر خان کی طرف سے وزیراعظم کے اعزاز میں دیئے گئے استقبالیہ سے خطاب اور بنگوئیں میں اپنی رہائش گاہ پر عوام وفود سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم آزادکشمیر سردار تنویر الیاس نے کہا کہ تحریک انصاف نے عام انتخابات میں عوام سے جو وعدے کئے تھے وہ پورے کریں گے۔ آزاد کشمیر کے لوگوں کو ایک بدلا ہوا کشمیر دیں گے، ریاست بھر میں ریکارڈ ترقیاتی کام ہوں گے۔ عمران خان قومی ہیرو اور عالمی رہنما ہیں اور آزادکشمیر کے لوگ ان سے محبت کرتے ہیں۔ پوری قوم عمران خان کے ساتھ کھڑی ہے۔ آزادکشمیر میں تحریک انصاف کی حکومت کو کوئی خطرہ نہیں، اگر کسی کا خواب ہے تو چار پانچ سال دیکھتا رہے۔ انشاءاللہ اگلے پانچ سال بھی ہمارے ہیں۔ وزیر اعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس خان نے کہا کہ ہمیں حکومت بنانی بھی آتی ہے اور چلانی بھی آتی ہے ۔ باغ کا تاریخی جلسہ ایک ٹریلر تھا، انہوں نے کہا کہ چیئرمین عمران خان کا آزادکشمیر میں جلسہ ایک نئی تاریخ مرتب کرے گا۔

باغ کے کامیاب جلسے کے بعد مخالفین بوکھلاہٹ کا شکار ہیں اور جھوٹے پروپیگنڈہ کر رہے ہیں۔ وزیراعظم آزادکشمیر نے کہاکہ الیکشن میں جو بھی وعدے کیے انہیں ہر صورت پورا کرونگا ، ٹوٹی کھمبے کی سیاست پر یقین نہیں رکھتا یہ عوام کا وہ حق جو انہیں بغیر مانگے ملنا چاہیئے۔پاکستان کی سیاسی صورتحال پر تبصرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عمران خان کو اب دنیا بھی عالمی لیڈر مانتی ہے جس کا ثبوت ہے کہ انہیں رہنماؤں کی کانفرنس میں مدعو کیا گیا ہے۔ عمران خان پر اوور سیز پاکستانی اعتماد کرتے ہیں۔ دنیا انہیں ایماندار مانتی ہے اسی بنیاد پر وہ جب بھی باہر نکلتے ہیں تو عوام امڈ آتی ہے۔۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close