پلندری (آئی اے اعوان) آزادجموں وکشمیر پریس فاونڈیشن کے بورڈ آف گورنرز کے بڑے فیصلے، رکن صحافیوں اور انکے خاندان کے افراد کا سرکاری ہسپتالوں میں مفت علاج،بچوں کی ہائر ایجوکیشن کیلئے وظائف اور رکن صحافی کے ڈیتھ کلیم کی رقم میں اضافہ کردیا گیا۔
چیئرمین پریس فاونڈیشن، جسٹس آزادجموں وکشمیر عدالت العالیہ جسٹس سردار لیاقت کی زیر صدارت پلندری میں منعقدہ کے دوران بورڈ آف ڈائریکٹرز کے اجلاس میں صحافیوں کی فلاح وبہبود کے حوالے سے اہم فیصلے کیے گئے۔ اجلاس میں وائس چیئرمین پریس فاونڈیشن سید ابرار حیدر ، ایڈیشنل سیکرٹری مالیات کاشف نیاز ڈائریکٹر جنرل اطلاعات راجہ اظہر اقبال،کے علاوہ ممبران بورڈ آف گورنرز نے شرکت کی۔ اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل اطلاعات راجہ اظہر اقبال نے ایجنڈا کے حوالہ سے اجلاس کو بریفنگ دی۔ اجلاس میں ہاؤسنگ سوسائٹی اور اس میں پیش مشکلات کے حوالے سے ڈائریکٹر جنرل اطلاعات کی سربراہی میں 05 رکنی کمیٹی تشکیل دے دی گئی۔ کمیٹی کے ممبران میں ایڈیشنل سیکرٹری مالیات، ڈائریکٹر جنرل اطلاعات، وائس چیئرمین پریس فاونڈیشن کے علاوہ دو ممبران شامل ہوں گے۔ کمیٹی مجوزہ ترامیم کا ڈرافٹ تیار کر کے بغرض منظوری چیئرمین پریس فاونڈیشن کو پیش کرے گی۔ اجلاس میں مالی مراعات میں اضافہ کی مجوزہ رقم کی منظوری دے دی گئی،ڈیتھ کلیم میں اضافے کی منظوری دے دی گئی،اس موقع پر اے کے این ایس کے صدر اور جنرل سیکرٹری کو بورڈ آف گورنر ز میں رکنیت دینے اور اے کے این ایس کے جملہ ممبران کو پریس فاؤنڈیشن میں شامل کیے جانے کے لیے ترمیمی مسودہ تیار کرنے جبکہ ”نان ممبر“ کی تعریف ایکٹ میں شامل کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا تاکہ جو لوگ پریس فاونڈیشن کے ممبران نہیں ہیں انہیں مراعات دینے کے حوالے سے طریقہ کار طے کیا جا سکے۔ علاوہ ازیں اجلاس نے یہ بھی فیصلہ کیاکہ جن صحافیوں کی پیشہ وارانہ خدمات ہیں ان کو خصوصی مراعات دینے کے حوالے سے بورڈ آف گورنرز کو اختیار دیا جائے اور اس حوالے سے اپنے طور پر فیصلہ کر سکے۔ اس مقصد کے لیے بھی ایکٹ میں ترمیم کا فیصلہ کیا گیا۔
اجلاس میں پریس فاونڈیشن کے فنڈز کی انوسٹمنٹ کے لیے انوسٹمنٹ کمیٹی بھی تشکیل دی گئی جو فنڈز کی مناسب انوسٹمنٹ اور اس سے ہونے والے منافع کے حوالے سے تفصیلی رپورٹ پیش کرے گی۔ ضلع، تحصیل اور دیگر میں پریس کلبز کی رجسٹریشن کے حوالے سے فیصلہ کیا گیا کہ ضلع، تحصیل پریس کلبز کی رجسٹریشن سابقہ رولز کے مطابق ہو گی۔اس موقع پر لوکل صحافتی کالونی کی زمین کے حوالے سے رپورٹ بھی پیش کی گئی اور فیصلہ کیا گیا کہ کہ ہر ڈسٹرکٹ اور تحصیل لیول پر پریس کلب کی عمارات اور پریس فانڈویشن کے پلازے تعمیر کئے جائیں گے۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ عامل صحافی کی حد 65 سال کی بجائے 60 سال ہو گی،اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ میڈیکل کالجز میں ایک کیڈٹ کالجز میں دو ، انجنئیرنگ کالجز، ایک سیٹ صحافیوں کے بچوں کے لیے محتص ہوں گی، تمام سرکاری ہسپتالوں میں صحافیوں اور ان کے خاندان کا علاج معالجہ فری ہو گا، یونیورسٹیوں و پوسٹ گریجویٹ کالجز میں زیر تعلیم صحافیوثکے بچوں کے لیے وظیفہ ساٹھ ہزار مقرر کر دیا گیا، اجلاس میں چیئرمین آزاد جموں وکشمیر پریس فاؤنڈیشن کا اجلاس ہر ضلع میں منعقد کیاجائے گا تاکہ پریس کے حوالے سے مسائل کو ترجیح بنیادوں پر حل کیا جا سکے۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں