باغ، آزاد کشمیر میں پہلی ائرلائن کا لائسنس حاصل کرنا کشمیریوں کیلئے بڑا اعزاز ہے، وزیراعظم آزادکشمیر سردار تنویر الیاس کا کابینہ کے ہمراہ ایم ٹی بی سی کا دورہ

باغ(آئی اے اعوان) وزیراعظم آزاد کشمیر سردار تنویرالیاس خان کا ایم ٹی بی سی باغ کا دورہ، پرائیویٹ سیکٹر میں سرمایہ کاری کے حوالے سے بہترین اضافہ ہے آزاد کشمیر میں پہلی ائرلائن کا لائسنس حاصل کرنا کشمیریوں کیلئے بڑا اعزاز ہے۔ حکومت پبلک پرائیویٹ سیکٹر کے اشتراک سے آزاد کشمیر میں سرمایہ کاری کی نئی راہیں کھولے گی۔

وزیراعظم آزادکشمیر سردار تنویر الیاس نے اپنی کا بینہ وزراء کے ہمراہ گزشتہ روز باغ میں ایم ٹی بی سی کا دورہ کیا۔ کمپنی کے ایگزیکٹو چئیرمین محمود الحق نے وزیراعظم کا استقبال کیا، وزراء حکومت سردار میر اکبر خان، چوہدری محمد اکمل سرگالہ، مشیر اوقاف حافظ حامد رضا، افتخار رشید چغتائی و دیگر بھی وزیراعظم کے ہمراہ تھے۔ وزیراعظم سردار تنویر الیاس خان کو ایگزیکٹیو چیئرمین محمود الحق نے ایم ٹی بی سی کے مختلف سیکشنز کا معائنہ کروایا اورانہیں ایم ٹی بی سی کی خدمات اور آزاد کشمیر میں پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت جاری منصوبوں پر بریفنگ دی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم سردار تنویر الیاس خان نے کہا کہ آزاد کشمیر کی ترقی و خوشحالی اور ریاست میں موجود پوٹینشل سے فائدہ اٹھانے کے لیے پرائیویٹ سیکٹر کا اشتراک ضروری ہے۔ ایم ٹی بی سی آزاد کشمیر کے پرائیویٹ سیکٹر میں خوشگوار اضافہ ہے۔ ایم ٹی بی سی کی جانب سے آزادکشمیر کے لیے پہلی ائیرلائن کا لائسنس حاصل کرنا اعزاز کی بات ہے،ایم ٹی بی سی دیگر شعبوں میں آزادکشمیر میں بہترین کام کررہی ہے، اوورسیز کشمیری ہمارا اثاثہ ہیں جو بیرون ممالک محنت کر کے یہاں سرمایہ کاری کررہے ہیں، حکومت آزاد کشمیر سرمایہ کاری کے فروغ کے حوالہ سے جامع منصوبہ بندی کے تحت کام کررہی ہے، میرپور ڈرائی پورٹ پر کام آغاز ہو چکا ہے، سرمایہ کار آزاد کشمیر آئیں حکومت انہیں مکمل تحفظ فراہم کریگی۔ انہوں نے کہا کہ ایم ٹی بی سی آزادکشمیر میں بڑے پیمانے پر روزگار فراہم کررہی ہے، اسی طرح دیگر ملٹی نیشنل کمپنیوں کو بھی آزادکشمیر لیکر آئیں گے تاکہ لوگوں کو سرکاری ملازمت کے بجائے پرائیوٹ سیکٹر میں روزگار فراہم کیے جا سکیں۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close