سردار صغیر چغتائی شہید کے ریاستی تعمیر و ترقی اور عوامی فلاح بہبود کے ادھورے مشن کو مکمل کریں گے، وزیر اعظم سردار تنویر الیاس کا اعلان

بنگوئیں راولاکوٹ(پی آئی ڈی) وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیروتحریک انصاف آزادکشمیر کے صدر سردار تنویر الیاس خان نے کہا کہ سابق ممبر قانون ساز اسمبلی و کشمیر کونسل سردار صغیر چغتائی شہید کے تحریک آزادی کشمیر،ریاستی تعمیر و ترقی اور عوامی فلاح بہبود کے ادھورے مشن کو مکمل کریں گے۔سردار صغیر چغتائی شہید نہ صرف ہمارے خاندان بلکہ آزاد کشمیر کا فخر تھے، انہوں نے اپنی ساری زندگی عوامی خدمت میں وقف کی،سردار صغیر چغتائی شہید کی سیاسی و سماجی خدمات کی معترف پوری قوم ہے، سردار صغیر چغتائی شہید اعلیٰ اوصاف کے مالک تھے۔

وہ آزاد کشمیر کی سیاست میں اور ممبر قانون ساز اسمبلی کی حیثیت سے ایک خاص مقام رکھتے تھے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے آبائی علاقہ بنگوئیں کے مقام پر سردار صغیر چغتائی مرحوم کی پہلی برسی کے موقع پر منعقدہ تعزیتی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔برسی کے اجتماع میں آزاد کشمیر کے سابق وزیر اعظم سردار عتیق احمد خان، ڈپٹی سپیکر اسمبلی چوہدری ریاض، وزراء حکومت خواجہ فاروق احمد، دیوان علی خان چغتائی، سردار میر اکبر خان، حافظ حامد رضا، علی شان سونی، نثارانصر ابدالی،محمد اکمل سرگالہ،سردار فہیم اختر ربانی، چوہدری یاسرسلطان، چوہدری محمدرشید، معاون خصوصی چوہدری محمد رفیق نیئر،چوہدری اظہر صادق،پارلیمانی سیکرٹری تقدیس گیلانی،سابق وزیر حکومت ملک محمد نواز، چیئرمین وزیر اعظم معائنہ و عملدرآمد کمیشن راجہ منصور علی خان، سابق امیر جماعت اسلامی عبدالرشید ترابی، ڈاکٹر خالد محمود، سردار طاہر اکرم، سردار نیئر ایوب،راجہ ثاقب مجید، سردار منظور چغتائی، سردار نشاط اکبر سمیت سیاسی و سماجی قیادت نے بھی شرکت کی اور زبردست الفاظ میں سردار صغیر چغتائی شہید کی سیاسی و سماجی خدمات پر انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔وزیراعظم آزادکشمیر سردار تنویر الیاس خان نے مزید کہا کہ سردار صغیر چغتائی کے دل میں عوام کا درد بھرا ہوا تھا۔وہ لوگوں کے ہر دکھ درد کے ساتھی تھے۔ فیملی ممبر ہونے کے ناطے ہم ان کی دریا دلی پر فخر محسوس کرتے تھے۔صغیر چغتائی شہید ہمیں اکیلا چھوڑ کر ابدی زندگی کی طرف چلے گئے جس پر ہم غمگین ضرور ہیں مگر مطمئن ہیں کہ دنیا میں کیے گئے ان کے نیک کاموں کی وجہ سے ان کی آخرت ضرور اچھی ہو گی۔سردار صغیر چغتائی مرحوم نے لوگوں کے ساتھ جو وعدے کیے تھے وہ ضرور پورے کروں گا۔آج ان کے تعزیتی پروگرام میں تمام سیاسی جماعتوں کے قائدین نے شرکت کر کے صغیر چغتائی شہید سے اپنی والہانہ محبت کا اظہار کیا ہے اس پر ہم انکے شکر گزار ہیں۔صغیر چغتائی کی شہادت پر آزاد کشمیر بھر کے عوام اور خصوصاً اہلیان پونچھ نے جس ہمدردی کا اظہار کیا اس پر ان کے مشکور ہیں۔یہ غازیوں اور شہیدوں کی دھرتی ہمیشہ ہی بڑے لوگوں کو جنم دیتی رہی۔

صغیر چغتائی نے تھوڑی عمر میں بڑا مقام پایا۔سردار تنویر الیاس خان نے کہا کہ صغیر چغتائی شہید نے ہر انسان کے ساتھ بہترین سلوک اور رواداری کی مثال قائم کی تھی۔وہ عمران خان کے وژن سے متاثر ہو کر پاکستان تحریک انصاف میں شامل ہوئے تھے۔ سردارصغیر اگر آج زندہ ہوتے تو انکا سر فخر سے بلند ہوتا۔سردار تنویر الیاس خان نے کہا کہ یہ میرا اپنا حلقہ ہے یہاں کی تمام ضروریات کو پورا کیا جائے گا۔سابق وزیر اعظم و قائد مسلم کانفرنس سردار عتیق احمد خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا سرادر صغیر چغتائی جواں ہمت،وفاداری اور بہادری کی مثال تھے۔ اس شخص کے چہرے پر مایوسی کبھی نہیں دیکھی، جس طرح وہ سیاست اور تحریک آزادی کشمیر کو کندھا دے رہے تھے مجھے پورا یقین تھا کہ اگر زندگی ان سے وفا کرتی تو وہ آزاد کشمیر کے بڑے عہدوں پر فائز ہوتے وہ صدر یا وزیر اعظم ہوتے۔ وہ جاندیدہ شخص تھے۔وزراء کرام اور سیاسی عمائدین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صغیر چغتائی مرحوم انتہائی نفیس شخصیت کے مالک تھے۔عاجز تھے۔زبان کے پکے انسان تھے۔باوفا اور وعدہ پورے کرنے کرنے والی شخصیت تھے۔تعزیتی ریفرنس سے خطاب کرتے مقررین نے کہا کہ ایسا شخص صدیوں بعد پیدا ہوتا ہے۔ عوام کے ساتھ ان کا انتہائی گہرا تعلق تھا۔ سیاست سے بالاتر ہو کر عوام کی خدمت میں مگن تھے جس کی وجہ سے ان کی رحلت سے آج تک ہر انکھ اشکبار ہے۔اس موقع پر سردار صغیر چغتائی مرحوم کے بلندی درجات اور ایصال ثواب کے لیے فاتحہ خوانی اور دعا کی گئی۔وزیر اعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس خان نے ساتھیوں کے ہمراہ شہید کے مزار پر حاضری دی اور پھولوں کی چادر چڑھائی۔تعزیتی ریفرنس اور دعائیہ تقریب میں سیکرٹریز حکومت،سرکاری محکمہ جات کے آفیسران و اہلکاران، سیاسی و سماجی جماعتوں کے قائدین، کارکنان، عوام علاقہ، خواتین، پریس و الیکٹرانک میڈیاکے نمائندگان، سول سوسائٹی اور آزاد کشمیر بھر سے آئے ہوئے ہزاروں افراد نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ آخر میں شہید صغیر چغتائی کے فرزند احمد صغیر نے تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کیا اور اس عزم کااظہار کیا کہ انکے مرحوم والد نے عوامی خدمت کا جو مشن شروع کیا ہوا تھا وہ وزیراعظم آزادکشمیر سردار تنویر الیاس خان کے ساتھ ملکر ان کے تقش قدم پر چلتے ہوئے اس مشن کو جاری رکھیں گے۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close