اسلام آباد (پی آئی ڈی) صدر آزادجموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کی زیر صدارت ایوان صدر کشمیر ہاؤ س میں منگلا ڈیم ہاؤسنگ اتھارٹی کاخصوصی اجلاس منعقد ہوا۔اس موقع پر اجلاس میں کمشنر میرپور ڈویژن شوکت علی، ڈائریکٹر جنرل منگلا ڈیم ہاؤسنگ اتھارٹی چوہدری محمد منشاء، سیکرٹری صدارتی امور ڈاکٹر سید آصف حسین، ممبر بورڈ آف ریونیو چوہدری مختارحسین، ڈائریکٹرسنٹرل ڈیزائن آفس جواد لطیف اورڈپٹی کمشنر میرپورامجد اقبال بھی شریک تھے۔
اس موقع پر صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کو ذیلی کنبہ جات کی آبادکاری کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی اور ذیلی کنبہ جات کے رہائشی پلاٹس کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اس موقع پر اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ منگلا ڈیم متاثرین کے ذیلی کنبہ جات کے رہائشی مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں اور اس سلسلے میں کام کی رفتار بڑھانے اور اس پروجیکٹ کو جلد از جلد مکمل کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ اس سلسلے میں زمین کے حصول اور ٹاؤن پلاننگ کو مکمل کرتے ہوئے جلد کام شروع کیا جائے گا۔ جبکہ اس سلسلے میں منگلاڈیم ہاؤسنگ اتھارٹی کے دستیاب وسائل استعمال کیے جائیں گے۔جبکہ اس موقع پر یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ اسلام گڑھ، چکسواری اور سیاکھ میں بھی متاثرین منگلا ڈیم کے لئے رہائشی پروجیکٹس جلدشروع کیے جائیں گے۔
اس موقع پر صدر آزادجموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے حکام کو ہدایت کی کہ میرپور میں منگلا ڈیم متاثرین میں ذیلی کنبہ جات کی آبادکاری کے مسائل بالخصوص اُن کے رہائشی پلاٹس کا کام فوری طور پر مکمل کیا جائے تاکہ متاثرین منگلا ڈیم کے مسائل میں کمی آسکے اور اُن کے رہائشی مسائل کا حل جلد از جلد ممکن ہو سکے۔ اس موقع پر صدر ریاست آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ متاثرین منگلا ڈیم میں ذیلی کنبہ جات کی رہائش کا دیرینہ مطالبہ تھا جو کہ اب جلد ہی پایہ تکمیل کو پہنچ جائے گا اس سلسلے میں صدر ریاست آزادجموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے تمام متعلقین کو ہدایت کی کہ ذیلی کنبہ جات کے رہائشی مسائل جلد از جلدحل کر کے اُن کے مسائل کا تدارک کیا جائے۔ ۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں