مظفرآباد (پی آئی ڈی) وزیر اعظم آزاد جموں وکشمیرسردار تنویر الیاس خان نے کہا ہے کہ یوم دفاع لازوال عزم اور بہادری کی یاد دلاتا ہے۔ دفاع پاکستان کیلئے جانوں کے نذرانے پیش کرنے والے سرفروشوں کی عظمت کو پوری کشمیری قوم زبردست خراج عقیدت اور سلام بھی پیش کرتی ہے۔ خونی لکیر کے دونوں جانب بسنے والے کشمیری افواج پاکستان کو اپنی محافظ فوج سمجھتے ہیں جبکہ ہندوستان کی فوج کشمیریوں کیلئے نفرت کی علامت ہے۔
پاک فوج وطن کے دفاع کیلئے بے مثال قربانیاں دے رہی ہے اور وہ کسی بھی جارحیت کا مقابلہ کرنے کی بھر پور صلاحیت رکھتی ہے۔ یوم دفاع پاکستان کے موقع پر اپنے پیغام میں وزیر اعظم سردارتنویر الیاس خان نے کہاکہ ہمیں مسلح افواج پاکستان کی صلاحیتوں پر پورا اعتماد ہے، پاک فوج دنیا کی بہترین فوج ہے اور ہمارے دفاع کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔ بھارت کی قابض افواج مقبوضہ کشمیر میں ظلم و جبر کے پہاڑ توڑ رہی ہے اور کشمیریوں کے حقِ خودارادیت کو دبانے کے لئے ہر حربہ استعمال کیا جا رہا ہے۔ وزیر اعظم نے کہاکہ مقبوضہ کشمیر کے ساتھ ساتھ بھارت کی بزدل فوج سیز فائر لائن پر بھی نہتے شہریوں کو نشانہ بناتی ہے۔ ہندوستان کی فوج،افواج پاکستان کا مقابلہ نہیں کر سکتی اس لیے وہ معصوم شہریوں کو نشانہ بناتی ہے۔ وزیر اعظم نے کہاکہ بھارت جتنا بھی ظلم روا رکھے وہ کشمیریوں کو انکا پیدائشی حق لینے سے نہیں روک سکتا۔ مقبوضہ کشمیر میں جذبہ جہاد سے سرشار کشمیری حریت پسند پوری قوت سے بھارتی افواج سے بر سر پیکار ہیں۔خواتین کی عصمت دری، بچوں کا قتل عام، ٹارچر سیل،کشمیریوں کے گھروں کو نذر آتش کرنا اور اسی طرح کے کئی اور گھٹیا حربے درحقیت بھارتی بزدل افواج کی کمزوری اور بزدلی کی دلیل ہیں۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں