آزاد کشمیر ،سیلاب اور زلزلوں سمیت دیگر ماحولیاتی تبدیلی کے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے ماحول دوست طرز زندگی اپنانا ہوگی، وزیر اعظم آزاد کشمیر

اسلام آباد (پی آئی ڈی) وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر سردار تنویر الیاس خان نے کہا ہے کہ سیلاب اور زلزلوں سمیت دیگر ماحولیاتی تبدیلی کے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے ماحول دوست طرز زندگی اپنانا ہوگی۔موسمیاتی  تبدیلی کے منفی اثرات سے بچنے کے لیے پائیدار طرز زندگی اپنانے، قدرتی آبی وسائل کی حفاظت کے ساتھ ساتھ زمین کو بچانے، زرخیز مٹی کی حفاظت کو یقینی بنانے پر توجہ دینا ہوگی۔آزادکشمیر میں تعمیرات کو بلڈنگ کوڈز کے مغائر بنانے کی کسی صورت اجازت نہیں دی جائیگی۔

قدرتی ماحول کو متاثر کرنے والے عوامل کا جائزہ لے رہے ہیں۔ اس حوالہ سے جامع پالیسی بنائی جائیگی۔ اپنے ایک بیان میں وزیراعظم آزادکشمیر سردار تنویر الیاس خان نے کہا کہ ماحول کی حفاظت کے لیے تمام لوگوں کو مل کر کام کرنا ہو گا تاکہ ہماری زندگی زیادہ دیر تک قائم رہ سکے۔ انہوں نے کہا ماحولیاتی آلودگی کا خاتمہ کرنا بہت ضروری ہے تاکہ ماحول کو صاف و شفاف اور خوشگوار بنایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ قدرتی ماحول کی حفاظت کے لیے شعور پیدا کرنا انتہائی ضروری ہے۔ اگر مستقبل میں ماحولیات کو پہلی ترجیح نہ دی گئی تو اس کے سنگین نتائج کے لیے تیار رہنا ہوگا۔ اس وقت انسان گلوبل وارمنگ کی وجہ سے تاریخ کے سب سے پرخطر موڑ پر کھڑا ہے۔

انہوں نے کہا کہ گذشتہ کئی دہائیوں سے جنگلات کا بے رحمی سے کٹاو، آبی ذخائرکا دھیرے دھیرے ختم ہونا ، چشموں اور جھیلوں میں اندھا دھند طریقے سے کوڑا کرکٹ ڈالنا اور ندی نالوں کو ختم کرنے کی دانستہ طور پر کوششوں اور ناجائز تعمیرات کھڑی کرنے کی جو دوڑ شروع ہوئی اس سے قدرتی ماحول کو شدید خطرات لاحق ہوئے ہیں۔ وزیر اعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس خان نے کہا کہ عمران خان کا بلین ٹری سونامی منصوبہ ماحولیاتی چینلجز کے حوالہ سے ایک انقلابی منصوبہ ہے جس کی دنیا بھر میں تعریف کی گئی، ہمیں زیادہ سے زیادہ درخت لگانے اور انکی حفاظت کی جانب توجہ دینا ہو گی۔ تعمیرات کو جدید بلڈنگ کوڈز کے مطابق کرنا ہوگا اور ری سائیکلنک پر توجہ دینا ہوگی۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں