مظفرآباد(پی آئی ڈی) وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر اور تحریک انصاف آزادکشمیر کے صدر سردار تنویر الیاس خان کا باغ اور راولاکوٹ کے دورے کا شیڈول جاری ہو گیا۔ وزیراعظم مورخہ 5 ستمبر کو صبح دارالحکومت مظفرآباد سے اپنے انتخابی ضلع باغ کے لئے روانہ ہوں گے۔وزیراعظم کے ہمراہ وزراء حکومت۔ ممبران اسمبلی تحریک انصاف آزاد کشمیر کی قیادت سمیت سیاسی کارکنوں کی بڑی تعداد قافلے کا حصہ ہو گی۔
وزیراعظم آزادکشمیر کے قافلے کا کوہالہ، دھیرکوٹ، ارجہ، منگ بجری، نعمان پورہ اور باغ شہر پہنچنے پر شاندار استقبال ہو گا۔ مقامی پی ٹی آئی قیادت نے قائد کشمیر کو خوش آمدید کہنے کیلئے بھرپور تیاری کر رکھی ہے۔ وزیراعظم سردار تنویرالیاس خان، وزرائے کرام اور پی ٹی آئی رہنماؤں کے ہمراہ باغ میں ایک بڑے جلسہ عام سے خطاب کریں گے اور باغ شہر سمیت اپنے حلقہ انتخاب کی تعمیر و ترقی کا لائحہ عمل دیں گے۔ وزیراعظم آزادکشمیر سردار تنویر الیاس خان جلسے کے بعد باغ ریسٹ ہاؤس میں وفود سے ملاقات کریں گے اور پھر مورخہ 6 ستمبر کو یوم دفاع کے تناظر میں باغ شہر میں منعقد شہید اول سید خادم حسین شہید کی برسی میں شرکت کریں گے
جس کے بعد وزیراعظم، وزراء اور پارٹی قائدین کے ہمراہ اپنے آبائی حلقے پونچھ 5 کیلیے روانہ ہونگے۔ ارجہ کے مقام پہ قائدکشمیر کا شاندار استقبال ہوگا جس کے لئے پونچھ کے رہنماؤں نے بھرپور تیاری کر رکھی ہے۔وزیراعظم، سردار صغیر چغتائی شہید کی قبر پرحاضری دیں گے اور پھر برسی کی دعائیہ تقریب میں شریک ہونے کے بعد سردار پیلیس میں ہی پارٹی رہنماؤں سے ملاقاتیں کریں گے، وزیراعظم مورخہ7 ستمبر کو سابق پرنسپل سردار باغ حسین مرحوم کی رہائش گاہ پر تعزیت کریں گے اور پھر جنڈالہ میں دوپہر کے کھانے کے بعد واپس اسلام آباد کیلئے روانہ ہونگے۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں