تحریک انصاف کے دور میں آزاد کشمیر بدلے گا، عوام کو انکے خوابوں کی تعبیر ملے گی، وزیر اعظم آزاد کشمیر سردا ر تنویر الیاس کا عزم

اسلام آباد (پی آئی ڈی) وزیرا عظم آزادحکومت ریاست جموں وکشمیر سردار تنویر الیاس خان نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کے دور میں آزادکشمیر بدلے گا اور یہاں کے عوام کو انکے خوابوں کی تعبیر ملے گی۔ آزاد خطہ کی تعمیروترقی اور خوشحالی حکومت کی ترجیحات میں ہیں، منظم منصوبہ بندی کے تحت حکومت آزادکشمیر ترقی کے اہداف کیحصول کے لیے کوشاں ہے، اداروں میں اصلاحات لا کر سروسز ڈیلیوری میں بہتری کا آغاز کر دیا ہے۔

ہماری حکومت کا فوکس عام آدمی کا معیار زندگی بلند کرنا ہے جس میں کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کریں گے۔ گڈگورننس کے قیام اور لوگوں کے مسائل مقامی سطح پر حل کرنے کیلئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات اٹھائے جائیں گے.اپنے ایک بیان میں وزیراعظم نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت تمام حلقوں میں تعمیرو ترقی کو یقینی بنائے گی تاکہ عوام یکساں بنیادوں پر حکومتی اقدامات سے مستفید ہوں، لوگوں کے مسائل حل کرنے کیلئے وزیراعظم آفس میں ٗشکایات سیل کا قیام عمل میں لایا جا رہا ہے جس میں عوام حکومتی اداروں بارے براہ راست وزیراعظم آفس میں شکایات درج کروا سکیں گے اور شکایات کا ازالہ کرنے کے لیے خصوصی سیل کام کریگا۔ انہوں نے کہا کہ آزادکشمیر کے دیرینہ مسائل انشا اللہ تحریک انصاف کی حکومت حل کریگی۔

انہوں نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے ویژن کے مطابق نچلے طبقے کو اوپر لانے کے لیے پالیسیاں بنا کر ان پر عملدرآمد یقینی بنایا جا رہا ہے، ریاست کی آمدن بڑھانے کے لیے ٹورازم پر خصوصی فوکس کیا گیا ہے، ٹورازم، ہائیڈل اور منزلز ایسے شعبے ہیں جن کے پوٹینشل کو بروئے کار کر ہم بیروزگاری کا خاتمہ کرسکتے ہیں، اس سلسلہ میں نئی سیاحتی مقاما ت متعارف کروا کر وہاں سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔ سیاحت ترقی کریگی تو لوگوں کے معاشی حالات بہتر ہوں گے اور ریاستی آمدن بھی بڑھے گی۔اس سلسلہ میں سرمایہ کاروں کو سازگار ماحول کی فراہمی کے لئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں، سرمایہ کار آزادکشمیر آئیں حکومت انہیں مکمل تحفظ دیگی۔ سردار تنویر الیاس خان نے کہا کہ بجٹ میں آزاد خطہ کی تعمیر وترقی اور خوشحالی کیلئے میگا پراجیکٹس شامل کیے گئے ہیں۔ کاٹیج انڈسٹری کے فروغ کے لیے بھی اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں، آزاد کشمیر کے ہر ضلع میں کاٹیج انڈسٹری لگائیں گے، بیروزگار نوجوانوں کو ہنر مند بنانے کے لیے خصوصی پروگرام لا رہے ہیں جس میں نوجوانوں کو ہنر مندی کی تربیت دی جائے گی۔۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close