آزادکشمیر، وزیر صحت ڈاکٹر نثار انصر ابدالی نے میڈیکل کالج مظفرآباد سے سیلاب متاثرین کیلئے امدادی سامان کی پہلی کھیپ روانہ کر دی

مظفرآباد (آئی اے اعوان) آزادکشمیر کے وزیر صحت ڈاکٹر نثار انصر ابدالی نے میڈیکل کالج مظفرآباد سے سیلاب متاثرین کیلئے امدادی سامان کی پہلی کھیپ روانہ کر دی۔ آزاد جموں کشمیر میڈیکل کالج میں پاکستان کے سیلاب زدگان کی مدد کے لئے عطیات جمع کرنے کا سلسلہ ایک ہفتے سے جاری ہے، کالج کے طلبا اور طالبات و فیکلٹی کی جانب سے کالج کے پرنسپل پروفیسر سید ملازم حسین بخاری کی سربراہی میں سیلاب متاثرین کی مدد کیلئے لگائے گئے کیمپ میں کالج کے طلبا و طالبات، فیکلٹی اور سپورٹنگ سٹاف سمیت شہریوں، کاروباری شخصیات نے بڑھ چڑھ کر اپنا حصہ ڈالاہے۔

ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشنز، پاکستان میڈیکل ایسو سی ایشن اور میڈیکل کالج کی طلبا تنظیم اے ایس پی ڈبلیو ایس نے بھی اپنا بھر پور تعاون کیا جبکہ عباس انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز کے ایگزیکٹیو ڈائریکٹر سید مسعود بخاری اور ان کی ٹیم نے بھی اس مہم میں حصہ لیا۔ امدادی کیمپ میں جمع کیے گئے سامان کو کالج انتظامیہ کی جانب سے پیکجز کی صورت میں پیک کر دیا ہے جس کی پہلی کھیپ وزیرصحت نے آج سوات کے لئے روانہ کی۔ پہلی کھیپ میں 120خاندانوں کی کفالت کے لیے ایک ہفتہ کا سامان بھیجا گیا ہے جس میں خوراک، کپڑے،خیمے اور ضروریات کی تمام چیزیں شامل ہوں گی۔وزیرصحت نے پروفیسر زاہد عظیم کی سربراہی میں طلبہ کو امدادی سامان کے ہمراہ روانہ کیا جو نہ صرف سامان کو مقامی لوگوں تک پہنچانے کو یقینی بنائیں گے بلکہ مریضوں کو علاج معالجے کی سہولیات اور ادویات فراہم کی جائیں گی۔ میڈیکل کالج مظفرآباد سے اس طرح کے دو اور قافلے ڈیرہ غازی خان اور سکھر کے لیے روانہ ہوں گے۔ فیکلٹی اورملازمین نے اپنی ایک دن کی تنخواہ سیلاب زدگان کی امداد کے لئے عطیہ کی گئی ہے۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close