سید علی گیلانی نے بندوق کی نوک اور ڈنکے کی چوٹ پر کہا ہم پاکستانی ہیں، صدر آزاد کشمیر بیرسٹر سلطان محمود کو علی گیلانی کی برسی پر پیغام

اسلام آباد (پی آئی ڈی) آزاد جموں و کشمیر کے صدر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ سید علی گیلانی ایک عظیم رہنماء تھے جنہوں نے بندوق کی نوک اور ڈنکے کی چوٹ پر ہم پاکستانی ہیں۔ پاکستان ہمارا ہے کا فلک شگاف نعرہ لگایا جو پھر مقبوضہ کشمیر کے گلی کوچوں میں پھیل گیا۔

عظیم حریت رہنماء سید علی گیلانی کی پہلی برسی کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں صدر ریاست نے کہا کہ سید علی گیلانی مقبوضہ کشمیر میں پاکستان کی توانا آواز تھے انہوں نے اپنی زندگی کے آخری بارہ سال بدترین علالت کی حالت میں سفاک دشمن بھارت کی اسیری میں گزارے مگر ان کے پایہ استقلال میں لغزش نہ آئی۔انہوں نے کہا کہ ایسے وقت میں جب انہیں انتہائی نگہداشت کی ضرورت تھی بھارت کی سفاک فوج نے انہیں زبردستی نظر بند کئے رکھا مگر وہ پاکستان کے ساتھ ان کی نظریاتی وابستگی کو کم نہ کر سکے۔

انہوں نے کہا کہ سید علی گیلانی استقامت کا کوہ گراں تھے ان کی پوری زندگی جدوجہد سے عبارت ہے آخر دم تک وہ بھارت سے آزادی کے مشن پر کاربند رہے۔انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ مقبوضہ کشمیر کی بھارت سے آزادی اور پوری ریاست کے پاکستان سے الحاق کے شہداء کے مشن کو مکمل کرنے کیلیے آزاد حکومت اپنے تمام تر وسائل بروئے کار لائے گی کیونکہ تحریک آزادی ہماری حکومت کی ترجیح اول ہے۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close