مظفرآباد (پی آئی ڈی ) وزیراعظم آزادکشمیر کے معاون خصوصی برائے اطلاعات،ماحولیات اور سمال انڈسٹریز چوہدری محمد رفیق نیئر نے ‘پرنٹ اینڈ ڈیجیٹل میڈیا ایسوسی ایشن (PDMA) کے نومنتخب صدر طارق نقاش سمیت تمام عہدیداروں کو مبارک باد دی ہے۔اپنے تہنیتی پیغام میں معاون خصوصی اطلاعات نے اس امید کا اظہار کیا نومنتخب تنظیم اپنے مقبوضہ کشمیر کے بھائیوں کی آواز بنے گی اور حق خودارادیت کے حصول کیلئے برسر پیکار کشمیریوں کی تحریک میں قلمی حصہ ڈالے گی،امید ہے کہ تنظیم صحافیوں کی فلاح و بہبود اور عوام کو درست معلومات کی فراہمی کیلیے اپنا اہم کردار ادا کرے گی۔
انہوں نے کہا امید ہے کہ اس کے اراکین اپنی کمیونٹی اور معاشرے کی بہتری کے لیے اپنی بھرپور صلاحیتیں بروئے کار لائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پرنٹ میڈیا کی اہمیت کبھی ختم نہیں ہوتی جبکہ موجودہ دور میں ڈیجیٹل میڈیا بھی اہمیت حاصل کر رہا ہے کیونکہ اس نے سماجی رابطوں کو آسان بنایا۔ انہوں نے کہا پی ڈی ایم اے کے صدر طارق نقاش ریاست کے تجربہ کار صحافی ہیں جو سینٹرل پریس کلب کے صدر بھی رہ چکے ہیں دیگر تمام عہدیدار بھی تجربہ کار ہیں اس لئے امید واثق ہے کہ تنظیم ایک بہترین لائحہ عمل کے مطابق آگے بڑھے گی۔ انہوں نے کہا کہ ان کی حکومت صحافی برادری اور اداروں کے مسائل کے حل کے لیے تنظیم کی کوششوں میں معاونت کرے گی کیونکہ مضبوط میڈیا ریاست کی ترقی کی علامت ہے۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں