مظفرآباد (پی آئی ڈی) آزاد جموں وکشمیر پریس فاؤنڈیشن نے وائس چیئرمین پریس فاؤنڈیشن سید ابرار حیدر کی جانب سے کشمیر پریس کلب میر پور کے معاملات کی جانچ پڑتال اور بعدازاں ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج میر پور کے کشمیر پریس کلب کی تمام باڈیز کو توڑنے اور نئے انتخابات کروانے کے فیصلہ کے بعد پریس فاؤنڈیشن نے میرپور پریس کلب کے انتخابات کروانے کا اعلان کر دیا ہے۔
اس حوالہ سے گزشتہ روز مظفرآباد سے ناظم اعلیٰ تعلقات عامہ کے ذریعے انفارمیشن آفیسر میر پور اور وائس چیئرمین پریس فاؤنڈیشن نے میرپور سے بورڈ آف گورنر کے منتخب ممبر کو ایک مکتوب کے ذریعے ہدایات بھی جاری کر دی گئی ہیں۔ پریس فاؤنڈیشن کی جانب سے جاری کر دہ پریس ریلیز کے مطابق کشمیر پریس کلب میر پور کے انتخابات گزشتہ اڑھائی سال سے ممبران پریس کلب میں وجہ تنازعہ بنے ہوئے تھے۔ فریقین عدالتی مقدمات میں الجھے ہوئے تھے۔ میرپور پریس کلب کے متعدد سینئر اراکین کے معاملات سلجھانے کی کوششیں بار آور نہ ہونے پر آزادکشمیر جموں وکشمیر پریس فاؤنڈیشن سے اس کے حل کے لیے پریس کلب کے سینئر ممبران نے رابطہ کیا تھا۔ پریس فاونڈیشن کی جانب سے چوہدری امجد حسین کی سربراہی میں کمیٹی نے میر پور کا دورہ کیا جبکہ گزشتہ ہفتے کشمیر پریس کلب کے ممبران اور میرپور سے منتخب بورڈ آف گورنر کے رکن چوہدری خالد کی دعوت پر وائس چیئرمین سید ابرار حیدر نے بھی میرپور کا دورہ کر کے پریس کلب کے ممبران اور صحافی رہنماؤں سے ملاقاتیں کر کے متنازعہ امور بارے آگاہی حاصل کی۔ میرپور پریس کلب کے اراکین کا مطالبہ تھا کہ پریس کلب کے تصفیہ طلب امور کے حل کے لیے پریس فاؤنڈیشن کردار ادا کرے۔ بعدازاں ڈسٹرکٹ جج میر پور نے 22اگست 2022کو کشمیر پریس کلب میرپور کے حوالہ سے فیصلہ صادر فرمایا ہے کہ ”دسمبر 2019کے بعد عہدیداران کی کوئی قانونی حیثیت نہ ہے اور کلب کے عہدوں پر تمام عہدیداران غیر قانونی طور پر برجمان ہیں“ اس فیصلے میں معزز جج نے فرمایا کہ”کشمیر پریس کلب میرپورکے آئین کی دفعہ 20کے جز(ب)کے مطابق پریس کلب انتظامیہ اراکین جنرل کونسل کی فہرست الیکشن کمیشن کو فراہم کرے گی۔ جس پر صدر اور سیکرٹری جنرل کے دستخط ہونگے۔ آئین کی اسی دفعہ وجز کے مطابق ممبران کلب (جنرل کونسل) کی اکثریت الیکشن کمیشن کو نامزد کرے گی اور کلب کے آئین کی دفعہ 21کے تحت الیکشن کمیشن انتخابی شیڈول جاری کرتا ہے“۔
اسی عدالتی فیصلے میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ ”یہ عمل تسلیم شدہ ہے کہ 2019کے لیے جو عہدیداران منتخب ہوئے تھے ان کی دستوری مدت 31-12-2019تک پوری ہو چکی ہے“۔عدالتی فیصلے میں مزید کہا گیا کہ ”جنرل کونسل، الیکشن کمیشن کا تقرر کر کے انتخابات کروانے کا مجاز ہے“۔پریس ریلیز میں کہا گیا کہ چونکہ آزادجموں وکشمیر پریس فاؤنڈیشن نے کشمیر پریس کلب میرپورآزاد جموں وکشمیر پریس فاؤنڈیشن کے پاس رجسٹرڈ ہے لہذا فاؤنڈیشن کے قواعد اور رولز کے مطابق پریس کلب انتظامیہ اس امر کو یقینی بنائے کہ جن صحافیوں کا صحافتی عمل معطل ہے یا بیرون ملک جا چکے ہیں یا وفات پا چکے ہیں پریس کلب کے آئین کی دفعہ (5)کی جز(ب) اور جز(ج) پر بہرصورت عمل کر کے عامل صحافیوں کو ہی پریس کلب کا رکن برقرار رکھیں۔ ۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں