مظفر آباد، چیف سیکرٹری آزاد کشمیر محمد عثمان چاچڑ نے میڈی بینک کے تعاون سے 30 فری میڈیکل کیمپس کا افتتاح کر دیا

مظفرآباد (آئی اے اعوان) چیف سیکرٹری آزادحکومت کشمیر محمد عثمان چاچڑ نے میڈی بینک کے تعاون سے آزاد کشمیر میں 30 فری میڈیکل کیمپس کا افتتاح کردیا چیف سیکرٹری آفس مظفرآباد میں منعقدہ افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیف سیکرٹری محمد عثمان چاچڑ نے کہا ہے کہ میڈی بینک ٹرسٹ انسانیت کی خدمت کے لیے بہترین کام کر رہی ہے۔

آزادکشمیر میں یہ فلاحی ادارہ انتظامیہ کے ساتھ مل کر میڈیکل کیمپ کا انعقاد کرنے جا رہا ہے جن میں ادارے کی جانب سے فری ادویات مہیا کی جائیں گی۔ اس احسن اقدام کو سراہتے ہوئے ادارے کو حکومت آزادکشمیر کی جانب سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرواتا ہوں آزادکشمیر میں 30فری میڈیکل کیمپس کے انعقاد کی افتتاحی تقریب میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری لوکل گورنمنٹ و دیہی ترقی احسان خالد کیانی، سیکرٹری اطلاعات و آئی ٹی محترمہ مدحت شہزاد، سیکرٹری سماجی بہبود اعجاز احمد خان، سپیشل سیکرٹری صحت سہیل اعظم، کمشنر مظفرآباد ڈویژن مسعود الرحمن، ڈائریکٹر میڈی بینک ٹرسٹ طارق محمود، ڈپٹی کمشنرز اور ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسران نے شرکت کی۔ اس موقع پر پیٹرن ان چیف میڈی بینک ٹرسٹ جاوید نثارسید نے ادارہ کے حوالہ سے تفصیلی بریفنگ دی۔

انہوں نے بتایا کہ ہم پورے ملک میں فری میڈیکل کیمپوں کا انتظامیہ اور سول سوسائٹی کے ساتھ ملکر انعقاد کر رہے ہیں۔ اس ضمن میں آجکل آزادجموں وکشمیر کے تینوں ڈویژن کے اضلاع میں میڈکل کیمپ منعقد کر رہے ہیں۔خاص طور پر ان دور دراز ایریا پر توجہ مرکوز کی جارہی ہے جہاں صحت کی مناسب سہولیات میسر نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آزاد جموں وکشمیر کے تمام ڈویژن کے اضلاع میں آج سے 15ستمبر 2022تک فری میڈیکل کیمپ منعقد کیے جارہے ہیں ساتھ ہی ڈویژنل کمیونٹی میڈی بینک اور ضلعی کمیونٹی میڈی بنکوں کا افتتاح کیا جارہا ہے۔ جن کے ڈویژنل پیٹرن کمشنرز اور ڈسٹرکٹ پیٹرن ضلعی ڈپٹی کمشنرہونگے۔ محکمہ صحت، سوشل ویلفیئر، سماجی تنظیمیں اور کاروباری افراد ممبرز ہونگے۔میڈی بینک فری ادویات کے علاوہ ROپلانٹ، معذوران کے لیے سہولیات اور ٹریننگ بھی فراہم کرتا ہے۔چیف سیکرٹری نے کہا کہ آزادکشمیر میں میڈی بینک ٹرسٹ کی جانب سے میڈیکل کیمپس کا انعقاد اور فری ادویات کی فراہمی کا فیصلہ خوش آئند ہے۔ آزادکشمیر بھر میں انتظامیہ سمیت تمام ادارے میڈی بینک کے ساتھ مکمل تعاون کو یقینی بنائیں تاکہ آزادکشمیر کے پسماندہ طبقے کو میڈیکل کی بہترین سہولیات میسر آسکیں۔ مستقبل میں ادارہ کے ساتھ مل کر سماجی شعبہ اور سیاحت کی ترقی کے لیے بھی کام کریں گے۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close